مفاہمت کا ٹاسک، گورنر کی وزیراعظم کے بعد طاہر القادری سے ملاقات ‘سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ چاہتے ہیں: نوازشریف
لاہور (فرخ سعید خواجہ+ نواز رضا) وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی مشاورت سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کو پاکستان کی سیاست میں مفاہمت کی فضا پیدا کرنے کا اہم فریضہ سونپ دیا ہے۔ گورنر چودھری سرور کی منگل کو لاہور کے پرانے ائرپورٹ پر وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات میں انہیں یہ ذمہ داری دی گئی کہ ڈاکٹر طاہر القادری سے رابطہ برقرار رکھیں اور انہیں دشمنی کی بجائے سیاست کرنے کی تلقین کریں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی روشنی میں گزشتہ روز گورنر پنجاب چودھری محمد سرور کی ڈاکٹر طاہر القادری سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی۔ چند منٹ کی ملاقات کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری گورنر چودھری سرور کو اندر اپنے کمرے میں لے گئے اور دونوں رہنماﺅں کے درمیان 45 منٹ ”ون آن ون“ ملاقات ہوئی۔ باخبر ذرائع نے بتایا ہے کہ ملاقات میں گورنر پنجاب چودھری سرور نے ڈاکٹر طاہر القادری سے درخواست کی کہ سیاسی جماعتیں حکومت یا حکمرانوں کے ساتھ اختلاف رائے ضرور رکھیں لیکن اسے دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک پاکستان کی سلامتی کا تعلق ہے ہم سب کو اس پر متفق ہونا چاہئے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے اس بات سے اتفاق کیا تاہم ڈاکٹر طاہر القادری نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق چودھری سرور نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن پر وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف کے تعزیتی پیغامات بھی پہنچائے۔ دریں اثناءگورنر پنجاب نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرئے ہوئے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی جبکہ عوامی تحریک کے گرفتار شدگان کو رہا کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ثناءنیوز کے مطابق گورنر چوہدری محمد سرور گورنر ہاﺅس میں حکومتی وزراء کے ساتھ اجلاس کرنے کے بعد ڈاکٹر طاہر القادری کی رہائشگاہ پر پہنچے اور انہیں مذاکرات کے ذریعے معاملات افہام و تفہیم سے حل کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کی۔ گورنر نے یہ پیشکش کی کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے ماڈل ٹاﺅن سانحہ میں جاں بحق ہوجانے والے افراد کے لواحقین وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے 30,30 لاکھ روپے امداد بھی وصول کر لیں۔ علاوہ ازیں گورنر نے انہیں ان کی منشاءکے مطابق سکیورٹی فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی تاہم ڈاکٹر طاہر القادری اس بات پر بضد رہے کہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلیٰ شہباز شریف مستعفی ہوں۔
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم محمد نواز شریف سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے گذشتہ روز اولڈ ائیر پورٹ پر ملاقات کی اور ڈاکٹر طاہر القادری سے مذاکرات اور انکے تحفظات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف جنہوں نے پیر کے روز اپنی اسلام آباد روانگی ملتوی کر دی تھی منگل کے روز لاہور سے اسلام آباد روانگی سے قبل وزیر اعظم نواز شریف سے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ملاقات کی اور انہیں پیر کے روز ڈاکٹر طاہر القادری سے طیارے میں ہونے والے مذاکرات اور انکی طرف سے سامنے آنے والے تحفظات اور مطالبات سے آگاہ کیا۔ نواز شریف کا اس موقع پر کہنا تھاکہ ملک کی ترقی جمہوریت سے ہی ممکن ہے اور مسلم لیگ (ن) اور اسکی حکومت اسکے لئے اپنا ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی۔ ملک کے حالات محاذ آرائی، کشیدگی اور تنا¶ کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ کے حامی ہیں اور ملک کو دفاعی خود مختاری سے ہمکنار کرنے کے بعد معاشی خود مختاری کی منزل پر پہنچائینگے، ملک کے موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مذاکرات کے ذریعے معاملات کو سنبھالنے کےلئے گورنر پنجاب کے کردار کو سراہا۔ تقریبا ایک گھنٹہ جاری رہنے والی ملاقات میں ملک کے مجموعی حالات اور صوبے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر پنجاب نے طاہر القادری سے ہونے والی ملاقات اور مذاکرات پر اعتماد میں لیا اور بتایا کہ ان کا رویہ مثبت تھا البتہ حکومت کے حوالے سے ان کے تحفظات تھے۔ وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ملکی حالات محاذ آرائی، کشیدگی اور تناو¿ کے متحمل نہیں ہو سکتے، سیاسی قوتوں سے ڈائیلاگ کے حامی ہیں اور ملک کو دفاعی خود مختاری سے ہمکنار کرنے کے بعد معاشی خودمختاری کی منزل پر پہنچائیں گے۔ گورنر نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ لیڈر شپ کی اجازت سے ہی مذاکرات کیلئے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری لیڈر شپ نے تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو انتشار سے بچایا ہے۔ ہمارا عزم ہے کہ ملک میں قانون کی حاکمیت قائم کرتے ہوئے معاشی استحکام سے ہمکنار کریں گے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ ملک ایک مشکل دور سے گزر رہا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام کریں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت آئی ڈی پیز کی صورتحال پر اجلاس ہوا۔ ترجمان کے مطابق وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ، پرویز رشید، گورنر خیبر پی کے نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی جی ملٹری آپریشنز اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آئی ڈی پیز کو ہر ممکن عزت و احترام کے ساتھ سہولیات فراہم کی جائیں۔ آئی ڈی پیز کی ہر ممکن دیکھ بھال کی جائے گی۔