راولپنڈی: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کے رہنما اظہار الحق جاں بحق
راولپنڈی+ لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) راولپنڈی کے علاقے خیابان سرسید میں نامعلوم دہشت گردوں کی فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کے مرکزی رہنما مولانا اظہار الحق فاروقی جاں بحق ہوگئے۔ مقتول موٹر سائیکل پر اپنے گھر جا رہے تھے، راستے میں گھات لگائے موٹر سائیکل سوار دہشت گردوں نے ان پر اندھادھند فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واضح رہے ایک روز قبل ہی راولپنڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اہلسنت و الجماعت کے رہنما فاروق معاویہ زخمی ہوئے تھے۔ اہلسنت و الجماعت کے کارکنوں نے مولانا اظہار الحق فاروقی کے قتل کے خلاف مظاہرہ کیا۔ اہلسنت و الجماعت کے کارکنوں نے آئی جی پرنسپل روڈ بلاک کردی اور دھرنا دیا۔ مظاہرین نے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مزید برآں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے مولانا اظہار الحق کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ قتل میں ملوث ملزموں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ نامہ نگار کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب نے بھی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے اور آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ مانگ لی ہے۔