شہباز شریف نے مہنگائی کا نوٹس لے لیا، شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کے لئے50 امدادی ٹرک بھجوا دئیے
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے بے گھر ہو جانے والے افراد کیلئے چاول، آٹا، دالیں اور دیگر ضروری اشیاءپر مشتمل 50 ٹرکوں کی پہلی کھیپ ماڈل ٹاﺅن میں روانہ کی۔ پختون بہن بھائیوں کیلئے 10کروڑ روپے مالیت کی جو اشیا بھجوائی گئی ہیں ان میں 2ہزار خیمے، 20کلو گرام آٹے کے 20ہزار تھیلے، 20کلو گرام چاول کے 14ہزار تھیلے جبکہ 20ہزار فوڈ ہیمپرز شامل ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نقل مکانی پر مجبور ہونے والے پختون بھائیوں کیلئے 50کروڑ روپے سے چیف منسٹر ریلیف فنڈ قائم کر دیا ہے۔ پنجاب کابینہ اور اراکین اسمبلی نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ ریلیف فنڈ میں دینے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب حکومت کی طرف سے بے گھر ہونے والے افراد کے لئے امدادی اشیاءبھجوائی جا رہی ہیں۔ جس کی پہلی کھیپ روانہ کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ جو بھی مزید امدادی سامان درکار ہو گا حکومت پنجاب شمالی وزیرستان کے بھائیوں کیلئے فراہم کرے گی۔ میری صاحب ثروت اور مخیر حضرات سے اپیل ہے کہ وہ مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی فراخدلانہ مدد کریں اور ان کیلئے قائم کردہ ریلیف فنڈ میں دل کھول کر عطیات دیں۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے مزید کہاکہ پاک افواج کے افسران اور جوان دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار ہیں۔ وہ پاکستان کی بقا، سلامتی اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے دہشت گردوں کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ پوری قوم کی دعائیں افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ قوم وطن عزیز کو دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کے عظیم مقصد کیلئے قربانیاں دے رہی ہے۔ انشاءاللہ پاکستان سے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ ہوگا اور ملک امن کا گہوارہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے گھر ہونے والے پختون بہن بھائیوں کو مصیبت کی اس گھڑی میں ہرگز تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ 18 کروڑ عوام متاثرین شمالی وزیرستان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی سامان کی مناسب اور بروقت فراہمی کیلئے عوامی نمائندوں پر مشتمل صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کی سربراہی میں کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو وفاقی حکومت اور شمالی وزیرستان کے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں رہے گی تاکہ ان کی ضروریات پر فوری عملدرآمد کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امدادی اشیاءبھجوانے کے علاوہ نقد رقوم کی صورت میں امداد بھجوانے پر بھی سوچ بچار کر رہے ہیں تاکہ بے گھر ہونے والے افراد اپنی ضروریات کے مطابق اشیائے ضروریہ خرید سکیں۔ پنجاب حکومت بے گھر ہونے والے افراد کی اپنے گھروں میں واپسی اور مکمل بحالی تک بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے رمضان المبارک سے قبل اشیائے ضرورےہ کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی کا بینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کوہدایت کی ہے کہ سبزی منڈیوں اور مارکیٹوں کے دورے کر کے اشیائے ضرورےہ کی قیمتوں میں استحکام لائیں۔ معیاری اشیائے ضرورےہ کی زائد نرخوں پر فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتظامیہ عوام کو اشیائے ضرورےہ کی مقررہ نرخوں پر فراہمی ہر صورت یقینی بنائے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی ، متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ اشیائے ضرورےہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کےلئے فعال کردار ادا کریں۔ متعلقہ حکام، مارکیٹوں کے باقاعدگی سے دورے کریں اور مقررہ نرخوں پر اشیائے ضرورےہ کی فروخت یقینی بنائیں۔کسی علاقے سے زائد نرخوں پراشیائے ضرورےہ کی فروخت کی شکایت ملی تو ذمہ داروں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے معروف کہانی نویس دبیر الحسن کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں مرغوب احمد کے سسر کے انتقال پر اظہار گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔