”مستقل چیف الیکشن کمشنر جلد تعینات کیا جائے“: خورشید شاہ کا وزیراعظم کو خط
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلزپارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کو بھجوائے گئے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی جلد از جلد مستقل تعیناتی کی جائے۔ مستقل چیف الیکشن کمشنر نہ ہونے پر سیاسی جماعتیں اس مسئلے کو اٹھا رہی ہیں اس لئے چیف الیکشن کمشنر کی مستقل تعناتی ضروری ہے وزیراعظم چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کے حوالے سے نوٹس لیں۔ خط میں سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ مستقل چیف الیکشن کمشنر نہ ہونا اور ایڈہاک ازم پر کام چلانا اچھا اقدام نہیں۔ مستقل چیف الیکشن کمشنر کا فیصلہ ہو جائے تو ایوان نمائندگان اور سیاسی جماعتیں تعریف کریں گی امید کرتا ہوں کہ وزیراعظم سیاسی جماعتوں کے آئینی مطالبے کو مدنظر رکھیں گے۔ سید خورشید شاہ نے لکھا ہے کہ پچھلے سال 31 جولائی کو فخر الدین جی ابراہیم نے چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے استعفٰی دیا اس وقت سے چیف الیکشن کمشنر کا عہدہ خالی ہے اور جسٹس ناصر الملک قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم سیاسی جماعتوں کے آئینی مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے اس حوالے سے پراسیس فوری شروع کریں۔ خط میں کہا گیا کہ بطور حزب اختلاف سیاسی پارٹیاں اور میڈیا مجھ سے مستقل چیف الیکشن کمشنر تعینات نہ کرنے کی وجہ پوچھتے ہیں اگر مستقل چیف الیکشن کمشنر لگانے کا جلدی فیصلہ کر لیا جاتا ہے تو عوامی نمائندگان اور سیاسی پارٹیاں اس اقدام کی تعریف کرینگی۔