• news

سنی اتحاد کونسل کے ایک ہزار مشائخ نے آپریشن ضرب عضب کی حمایت کا اعلان کر دیا

لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا کی اپیل پر سنی اتحاد کونسل سے وابستہ ملک بھر سے ایک ہزار سے زائد شیّوخ القرآن، شیّوخ الحدیث، مفتیانِ کرام اور علماء و مشائخ نے ریاست مخالف دہشت گردوں کے خلاف پاک فوج کے آپریشن ضربِ عضب کو مقدس جہاد قرار دے کر اس کی مکمل تائید و حمایت کا اعلان کر دیا۔ شیّوخ الحدیث، شیّوخ القرآن، مفتیانِ کرام کے مشترکہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آپریشن ضربِ عضب کی حمایت ہر پاکستانی پر فرض ہے۔ مخالفت کرنے والا پاکستان کا غدار اور اسلام کا باغی ہو گا۔ انتہاپسند دہشت گردوں کا طرزِعمل اسلام اور شریعت کے منافی ہے۔ 60 ہزار بے گناہوں کو قتل کرنے کا جرم ناقابل معافی ہے۔ مزاروں، مسجدوں، مارکیٹوں، ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، جنازوں، غیرملکی کھلاڑیوں، سیاحوں، علماء و مشائخ اور سکیورٹی فورسز پر حملے کرنے والے پاکستان دشمن طاقتوں کے ایجنٹ ہیں۔ پاک فوج فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ہر مدرسے، مسجد اور خانقاہ میں آئی ڈی پیز کے لیے امدادی مہم چلائی جائے گی۔ آئی ڈی پیز کی دیکھ بھال اور مدد قومی فریضہ ہے۔ اعلامیہ میں تمام سیاسی ومذہبی رہنمائوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ متحد ہو کر پاک فوج کا ساتھ دیں۔ اعلامیہ جاری کرنے والوں میں شیخ الحدیث علامہ محمد شریف رضوی، شیخ الحدیث مفتی محمد اکبر رضوی، علامہ حامد سرفراز، علامہ شرافت علی قادری، علامہ صاحبزادہ حمید الدین رضوی، مفتی محمد سعید رضوی، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، علامہ فیض بخش رضوی، مفتی محمد یونس، مولانا محمد اکبر نقشبندی، مفتی محمد حسین صدیقی، مولانا غلام سرور حیدری، مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، مولانا محمد علی نقشبندی، علامہ ذوالفقار مصطفی ہاشمی، علامہ سیّد خرم ریاض شاہ، علامہ پیر سیّد شمس الدین بخاری، مفتی محمد رمضان جامی، علامہ مشتاق احمد نوری، مولانا محمد وزیرالقادری، مفتی غلام مرتضیٰ مہروی، مفتی غلام نبی فخری، مفتی احمد میاں برکاتی، مفتی شہزاد قادری، علامہ لطف علی شاہ، مولانا غلام نبی ہزاروی، علامہ عابد مہروی، مولانا غلام رسول امجدی، علامہ ظاہر شاہ قادری، علامہ قاری فیروز صدیقی، علامہ قاری نذیر احمد قادری، علامہ فاروق سلطان قادری، علامہ رفیق احمد شاہ جمالی، علامہ صاحبزادہ عبداﷲ سیالوی، علامہ محمد سلیم ہمدمی، مفتی مسعود الرحمن، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، پیر سیّد محمد شاہ ہمدانی، علامہ صداقت علی اعوان، مفتی غلام مجتبیٰ غفوری، مفتی اکرام اﷲ جنیدی، مفتی عبدالحق دریائی، مفتی عبدالعزیز، علامہ باغ علی رضوی، مفتی محمد شعیب منیر، علامہ حافظ یعقوب فریدی، علامہ آصف رضا قادری، مفتی محمد حبیب رضا قادری، مفتی محمد اظہر سعید رضوی، علامہ قاری مختار احمد صدیقی، علامہ منظور عالم سیالوی، علامہ فیصل عزیزی، علامہ خالد حسن مجددی، علامہ غلام حسین سعیدی، مفتی عظمت علی شاہ، علامہ محمد اعظم نعیمی، مفتی ظفر جبار چشتی، علامہ احمد یار چدھڑ اور دیگر شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن