• news

غداری کیس: وزیراعظم نے مشرف کیخلاف تحقیقات کا حکم دیا‘ شکایت درج نہیں کرائی: سیکرٹری داخلہ

اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت +آئی این پی ) سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے کہا ہے کہ مشرف کیخلاف شکایت وزیراعظم کی ہدایت پر درج نہیں ہوئی، صرف تحقیقات ان کے حکم پر شروع ہوئیں، سیکرٹری داخلہ نے کاپی عدالت میں پیش کر دی۔ منگل کو جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے مشرف  غداری کیس کی سماعت کی۔ مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے سیکرٹری داخلہ شاہد خان پر جرح کرتے ہوئے سوال کیا آپ کی نظر میں کوئی ایسا قانون ہے جو وزیر اعظم کو اختیار دیتا ہو کہ وہ سیکرٹری داخلہ کو شکایت درج کرانے کی ہدایت دیں۔ سیکرٹری داخلہ  نے جواب میں کہا انہیں ایسے کسی ایس آر او یا قانون کا علم نہیں تاہم بطور چیف ایگزیکٹو وزیر اعظم کسی بھی مقدمے کی تحقیقات کی ہدایت دے سکتے ہیں۔ کراچی واقعے سمیت بہت سے مقدمات میں وزیر اعظم تحقیقات کی ہدایت دیتے رہے ہیں۔ مقدمے کی تحقیقات بھی وزیر اعظم کی ہدایت پر شروع کی گئیں مگر شکایت ان کی ہدایت پر درج نہیں کرائی گئی۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا یہ درست ہے کہ آرٹیکل 6 کی شکایت میں 7 سال کی تاخیر ہوئی تاخیر کی مخصوص وجہ شکایت میں درج نہیں ، مگر وضاحت ضرور کی گئی ہے۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ پر شکایت درج کرانے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے 12 دسمبر 2013 کو کیا۔ شکایت درج کرانے کے بعد کوئی اضافی دستاویز تیار نہیں کی گئی۔ فروغ نسیم کے سوالات پر پراسکیوٹر اکرم شیخ نے اعتراض کیا تاہم جسٹس فیصل عرب کی جانب سے اعتراض مسترد کر دیا گیا جس پر اکرم شیخ عدالت سے باہر چلے گئے ، کیس کی سماعت (آج ) بدھ تک ملتوی کر دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن