• news

توانا پاکستان کرپشن سکینڈل‘ زبیدہ جلال کا نام شامل ہونے نہ ہونے کا معمہ حل نہ ہو سکا

اسلام آباد (نامہ نگار) توانا پاکستان کرپشن سکینڈل میں سابق وفاقی وزیر زبیدہ جلال کے شامل ہونے یا نہ ہونے کا معمہ حل نہ ہو سکا۔ قومی احتساب بیورو(نیب) کے حکام تمام بڑے مقدمات جن میں با اثر افراد ملوث ہیں کی، تفصیلات بتانے میں ٹال مٹول سے کام لینے لگے، قومی احتساب بیورو(نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے ایک روز قبل توانا پاکستان کرپشن سکینڈل کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی تھی۔ ملزمان نے پیپرا قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے خوراک سے متعلق ٹھیکہ میسرز ویٹا پاکستان لمیٹڈ کو دیا اور قومی خزانے کو16کروڑ47لاکھ کا نقصان پہنچایا، نیب نے توانا پاکستان کرپشن سکینڈل میں سابق وفاقی وزیر کو بھی شامل تفتیش کیا تھا۔ نیب نے دو مرتبہ انہیں تفتیش کیلئے طلب کیا لیکن وہ نیب تفتیش کیلئے نیب دفتر نہیں آئیں، پھر نیب حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ انہیں بذریعہ پولیس طلبی کے سمن جاری کئے گئے ہیں جسکے بعد وہ شامل تفتیش ہو گئی ہیں، ایک روز قبل ریفرنس میں انکا نام شامل نہیں تھا جس پر نیب راولپنڈی کے ترجمان سے رابطہ کر کے استفسار کیا گیا کہ کیا سابق وفاقی وزیر کا نام ریفرنس میں شامل نہیں کیا انہیں کلیئر کر دیا گیا ہے تو کوئی واضح جواب نہیں دیا گیا، نیب ترجمان نے کہا کہ تحقیقات ساتھ ساتھ چلتی ہیں یہ تفتیشی پر منحصر ہے ہو سکتا ہے کہ ضمنی ریفرنس میں نام شامل ہو جائے، نیب ہیڈ کواٹر کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ تاحال انہیں نہیں معلوم کہ زبیدہ جلال کا نام شامل ہے یا نہیں معلوم کر کے بعد ازاں بتایا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن