الیکشن 2018ئ‘ ٹرن آؤٹ کا ہدف 70 فیصد مقرر
اسلام آباد (راجہ عابدپرویز/خبرنگار) الیکشن کمشن نے آئندہ عام انتخابات 2018کے لئے پولنگ میں ٹرن آؤٹ کا ہدف 70 فیصد مقرر کر دیا ہے۔ مطلوبہ ہدف حاصل کرنے کے لئے خواتین کو ووٹ ڈالنے کے لئے ترغیب دینے، ان کے شناختی کارڈ بنانے کے لئے خصوصی شعوری پروگرامزم مرتب کیے جائیں گے، عام لوگوں کو ووٹ کی اہمیت کا احساس دلانے کے لئے مسجدوں کے خطیب، اساتذہ اور علمائے کرام کی خدمات حاصل کی جائیں گی، سکولوں اور کالجوںمیں سیمینار منعقد کئے جائیں گے، الیکشن کمشن کی طرف سے انتخابی اصلاحات کے لئے جاری تجاویز میں کہا گیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں ووٹ کی اہمیت کے بارے میں اساتذہ، علمائے کرام، سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں سمیت میڈیا کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی جو اپنے اپنے علاقوں میں سیمینارکرانے، لوگوں کے ساتھ مٹینگز کرکے انہیں ووٹ ڈالنے پر آمادہ کرنے کے لئے کام کریں گے،اسی طرح ریڈیو ٹی وی اور پرنٹ میڈیا میں بھی ووٹ کی اہمیت اور ووٹ ڈالنے کے لئے آمادہ کرنے کے لئے مہم چلائی جائے گی۔ گذشتہ عام انتخابات میں 10سے 15حلقے ایسے تھے جن میں خواتین کی ووٹوں کا تناسب 0سے 2فیصد تھا جس سے ثابت ہوا کہ ان علاقوںمیں خواتین کی انتخابی عمل میں شمولیت نہ ہونے کے برابر تھی۔