عوام شمالی وزیرستان کے متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں: سراج الحق
پشاور (آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پورے ملک کے عوام شمالی وزیرستان متاثرین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں‘ ہماری افغانستان جانے والے تمام متاثرین سے اپیل ہے کہ وہ پاکستان واپس آجائیں۔ وہ منگل کو پشاور میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام پاکستان کے شہری ہیں ہم ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری فوجی آپریشن کے باعث افغانستان جانے والے متاثرین سے بھی واپس آنے کی اپیل کرتے ہیں۔ قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے 100 ارب روپے مختص کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں نے گزشتہ روز عمران خان کے ساتھ شمالی وزیرستان کے متاثرین کے کیمپ کا دورہ کیا تھا قبائلی عوام پاکستان کے لئے بلا شبہ بہت بڑی قربانی دے رہے ہیں۔