سندھ ہائیکورٹ میں ای سی ایل فیصلے پر نظرثانی کیلئے مشرف کی درخواست غیرموثر ہونے پر خارج
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) سندھ ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کی ای سی ایل فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی۔ سندھ ہائی کور ٹ نے پرویز مشرف کا نام اے سی ایل سے نکالنے کا فیصلہ دیتے ہوئے اپنے فیصلہ پر عملدرآمد 15 روزکے لئے معطل رکھا تھا ۔ فیصلے پر نظرثانی کے لئے پرویز مشرف کے وکیل فروغ نسیم نے درخواست دائر کی تھی۔جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس شاہنواز طارق نے درخواست کی سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین اور پرویز مشرف کے وکلاءبنچ کے روبرو پیش ہوئے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل سلمان طالب الدین نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ، ہائی کورٹ کے فیصلے کو معطل کرچکی ہے ، جس پر عدالت نے درخواست غیر موثر ہونے پر خارج کردی۔