• news

جھوٹے انقلاب اور دھرنوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرتا: حمزہ شہباز

لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ جھوٹے انقلاب اور دھرنوں سے پاکستان کی ترقی کا راستہ روکا نہیں جا سکتا۔ ہماری حکومت کو جو پاکستان ملا، اسے ایک سال کے عرصے میں پہلے سے بہتر بنا دیا۔ آئین اور جمہوریت کے مخالف عناصر ملک میں خلفشارکی سیاست کررہے ہیں۔ یہ عناصر نہ صرف وزیرستان میں اپنی جانیں دھرتی ماں پر قربان کرنے والی پاک افواج کے خون سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں بلکہ ملکی ترقی کی راہ بھی کھوٹی کررہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات لاہور میں پنجاب یوتھ فیسٹول 2014 ء کے 300 ایونٹس جیتنے والے نوجوان مرد و خواتین کھلاڑیوں کو اچیومنٹ ایوارڈز دینے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ کھیلوں کے میدانوں سے بلند ہونے والی محبت کی آواز سرحد پار بھی جاتی ہے اور دلوں پر اثر کرتی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب یوتھ فیسٹیول ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات استوار کرنے کا ایک ذریعہ بھی ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے گزشتہ ایک سال کے دوران توانائی کا بحران حل کرنے اور دیگر مختلف شعبوں میں نمایاں کامیابیوں کے بارے میں تفصیلات بیان کیں اور نوجوانوں سے کہا کہ آپ پاکستان کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ پاکستان اس وقت دہشت گردی کی جنگ لڑ رہا ہے۔ پاک فوج کے جوان شمالی وزیر ستان میں جذبہ شہادت کے ساتھ اپنی جانیں نچھاور کرکے پاکستان میں پائیدار امن قائم کرنے میں مصروف ہیں، ہمیں ان پر ناز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے پاکستان کا جتنا نقصان کرنا تھا کر لیا،اب جیت پاکستان کی ہو گی اور پاک افواج کے شہیدوں کے خون سے یہاں پائیدار امن قائم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو بیروزگاری، غربت، جہالت، بدامنی اور دہشت گردی سے نجات دلانے کے لئے میدان عمل میں بھر پور کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کیسے سپورٹس مین ہیں جن کا ’’سٹیمنا‘‘ اپوزیشن میں رہ کر ابھی سے ختم ہو گیا ہے۔ دھرنوں اور جلسوں سے عوام کا پیٹ نہیں بھرا جا سکتا۔ اپوزیشن کو چاہیے کہ آئین کے مطابق حکومت کو کام کرنے کا موقع دے۔
حمزہ شہباز

ای پیپر-دی نیشن