• news

مشرف غداری کیس: آرٹیکل 6 کی کارروائی کی منظوری وزیر داخلہ نے دی: سیکرٹری داخلہ

 اسلام آباد (آئی این پی) جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نے مشرف غداری کیس کی بدھ کو سماعت جاری رکھی۔ مشرف کے وکیل  بیرسٹر  فروغ نسیم نے سیکرٹری داخلہ کے بیان پر  اپنی جرح جاری رکھتے ہوئے کہا کہ  پرویز مشرف کے خلاف شکایت بدنیتی پر مبنی ہے۔ سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے کہا کہ آرٹیکل چھ کی کارروائی شروع کرنے کی منظوری وزیر داخلہ نے دی۔ سیکرٹری داخلہ شاہد خان نے فروغ نسیم کی جانب سے جرح کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا آرٹیکل چھ کی کارروائی شروع کرنے کی منظوری وزیر داخلہ نے دی۔ وزیر اعظم یا وفاقی کابینہ سے کارروائی کی منظوری نہیں لی گئی۔ فروغ نسیم نے سوال کیا، کیا اس مقدمے میں وزیر اعظم کا بیان ریکارڈ کیا گیا جس پر سیکرٹری داخلہ نے جواب دیا کہ وزیر اعظم کا کوئی بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا۔ فروغ نسیم کا کہنا تھا مشرف کے خلاف شکایت درج کرانے کیلئے وزارت قانون سے کب مشاورت کی گئی۔ سیکرٹری داخلہ نے جواب میں کہا یاد نہیں وزارت قانون سے کتنی مرتبہ مشاورت ہوئی تاہم ایف آئی اے کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد وزارت قانون سے مشاورت کی گئی۔ فروغ نسیم نے سوال کیا پرویز مشرف کیخلاف شکایت کا مسودہ کس نے تیار کیا جس پر سیکرٹری داخلہ نے کہا شکایت کے اندراج کیلئے مختلف مسودے تیار کیے گئے تاہم حتمی مسودہ انہوں نے خود تیار کیا۔ فروغ نسیم نے کہا کن شواہد کا جائزہ لینے کے بعد آرٹیکل چھ کے تحت شکایت درج کرائی گئی؟۔ شاہد خان نے بتایا تمام شواہد ایف آئی اے کی رپورٹ اور اس سے منسلک دستاویزات پر مشتمل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن