اب تک جتنی حکومتیں گئیں‘ جلسے جلوسوں سے نہیں سازشوں سے گئیں: خورشید شاہ
سکھر (آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم اور طاہر القادری یہ بات سمجھ لیں کہ جلسے اور جلوسوں سے حکومتیں نہیں جایا کرتیں پاکستان میں اب تک جتنی حکومتیں گئی ہیں وہ سازشوں سے گئی ہیں۔ طاہر القادری مرضی سے آئے ہیں اور انہیں مرضی سے جانا چاہئیے انقلاب وہ لوگ لاتے ہیں جو سیاست میں جانیں قربان کر دیتے ہیں۔ پاکستان میں انقلاب صرف پیپلز پارٹی ہی لا سکتی ہے۔ با قی کہنے کی باتیں ہیں۔ سکھر ائیر پورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہو ئے انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم بننے کے لئے بہت کچھ کھونا پڑتا ہے جو خوف اور ڈر محسوس کریں وہ سیاست نہ ہی کریں اللہ کی جگہ گورنر کی ضمانت لینا عجیب بات ہے۔ پیپلز پارٹی کو اس وقت ملک و قوم اور جمہوریت کی فکر ہے۔ میاں صاحب سیاستدان بن کر فیصلہ کریں پتہ نہیں وہ کیوں سمجھتے ہیں کہ صرف وہ کر سکتے ہیں یا ان کی ٹیم کر سکتی ہے۔ اسلام آباد پولیس پر طاہر القادری کے ورکروں کے تشدد کی مذمت کرتا ہوں اگر میں وزیراعظم ہوتا تو طاہر القادری کو ویلکم کرتا اور اپنے وزراء بھی اس کے استقبال کے لئے بھیجتا۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری اور حکومت نے جو حالات پیدا کئے وہ کسی طور دانشمندی نہیں۔ طاہر القادری کی عزت کرتا ہوں مگر وہ جذبات میں آجا تے ہیں انہیں ملک کی عملی سیاست کا پتہ نہیں ہے۔