موجودہ بحران سے نکلنے کیلئے سیاستدانوں کو ایک ایجنڈے پر متفق ہونا ہوگا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی و سینئر صوبائی وزیر خیبر پی کے سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حالات سے نکلنے کے لئے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر تمام سیاستدانوں کو ایک ایجنڈے پر متفق ہونا ہوگا۔ خیبر پی کے کی مخلوط حکومت نے مشترکہ منصوبہ بندی کے لئے 28جون بروز ہفتہ آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔آل پارٹیز کانفرنس میں آپریشن اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ صوبے اور عوام کو گھمبیر صورتحال سے نکالنے کے لئے تمام جماعتوں کو آگے آنا ہوگا۔ وفاقی حکومت آپریشن متاثرین کے لئے فوری طور پر سو ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کرے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی میڈیا سیل منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقۂ انتخاب ثمر باغ ضلع دیر بالا میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ اس وقت مغرب ہم پر اپنا من پسند ایجنڈا مسلط کرنا چاہتا ہے۔ مغرب کے اس ایجنڈے کے مقابلے کے لئے ملک کی سیاسی قیادت ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر ایک مشترکہ ایجنڈا وضع کریں۔ آل پارٹیز کانفرنس کو کامیاب بنانے اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطوں کے لئے صوبائی وزراء پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان خان، وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ خان، صوبائی وزیر صحت و انفارمیشن ٹیکنالوجی شہرام خان ترکئی اور صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان شامل ہیں۔