گرینڈ الائنس بنا تو وہ سیاسی یتیموں کا گٹھ جوڑ ہو گا: رانا مشہود
لاہور (خصوصی رپورٹر+ این این آئی) وزیر قانون پنجاب رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے استعفے مانگنے والے سیاسی انتشار پیدا کرنا چاہتے ہیں جس کا کوئی جواز نہیں۔ وہ پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں اختلاف رائے ہر کسی کا حق ہے لیکن نعشیں گرانے کی سیاست کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی اور نہ ہی نعشوں کی سیاست کی جانی چاہئے۔ قوم نے چودھری پرویز الٰہی اور شیخ رشید کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے۔ موجودہ حالات میں ملک ناز ک دور سے گزر رہا ہے جبکہ اقتدار کے بھوکوں کو سیاست اور اپنی پڑی ہے، اگر کوئی گرینڈ الائنس بنا تو وہ سیاسی یتیموںکا گٹھ جوڑ ہوگا، سانحہ ماڈل ٹائون کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کی تشکیل کیلئے وفاق کو خط ارسال کر دیا ہے جس کا آج جمعرات کو جواب متوقع ہے۔