مختلف شہروں میں آندھی، بارش، راولپنڈی میں چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق
لاہور+ راولپنڈی (سٹی رپورٹر+ کامرس رپورٹر+ ایجنسیاں) صوبائی دارالحکومت سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز ہوائوں کیساتھ ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ راولپنڈی میں مکان کی چھت گرنے سے 2بچے جاں بحق جبکہ 5افراد زخمی ہو گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے راولپنڈی میں چھت گرنے سے 2بچوں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ فیصل ٹائون میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش راولا کوٹ میں 25ملی میٹر جبکہ بہاولنگر 19، منڈی بہاء الدین 07، کوٹلی 05، اسلام آباد، راولپنڈی، مری 03، لوئر دیر، منگلا 02ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ صوبائی دارالحکومت میں گزشتہ روز آندھی اور بارش کے باعث 100سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی چلی گئی۔ لوگ دن بھر بجلی کی بحالی کے لئے لیسکو سب ڈویژنوں کے چکر لگاتے رہے لیکن کئی گھنٹے گزرنے کے بعد بھی انکے علاقوں کی بجلی بحال نہیں ہوئی۔ ملتان روڈ پیکو روڈ فاروق پارک، علامہ اقبال ٹائون، مصری شاہ، اندرون شہر سمیت دیگر علاقوں کے مکینوں نے رابطہ کرکے بتایا انکے علاقوں میں بارش کے بعد کئی گھنٹوں سے بجلی بند ہے۔ علاقوں میں ٹیوب ویل بند ہونے سے گھروں میں پانی بھی نہیں آ رہا ہے۔ انہوں نے لیسکو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سے مطالبہ کیا کہ وہ انکوائری کرائیں کہ بارش کے باعث بند ہونے والے فیڈرز بحال کیوں نہیں ہو سکے۔ این این آئی کے مطابق فیصل ٹائون میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص زخمی ہو گیا جسے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب اندرون سندھ اور جنوبی پنجاب کے علاقے بدستور گرمی کی لپیٹ میں رہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی پنجاب کے بیشتر حصوں میں پری مون سون بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ مون سون بارشوں کا ایک اور سلسلہ آئندہ ہفتے ملک کے دیگر حصوں میں برس سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، لاہور ،ساہیوال اور ہزارہ ڈویژن میں چند ایک مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔کینٹ کے علاقے ٹاہلی موری میں 40 سالہ بخت نور کے گھر کی چھت گرگئی جس کے باعث 13 سالہ خان زمان اور ایک 4 سالہ بچہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے جبکہ امدادی ٹیموں کے اہلکاروں نے حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جبکہ 2 کو بینظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا جہاں انہیںطبی امداد دی جا رہی ہے۔ حافظ آباد سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق حافظ آباد شہر اور گردونواح میں بدھ کی صبح تیز آندھی کے ساتھ ہونے والی موسلادھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بارش اور آندھی کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل جبکہ گلیاں اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے۔ ایمن آباد سے نامہ نگار کے مطابق موسلادھار طوفانی بارش سے ایمن آباد اور اسکے نواحی علاقہ کے نشیبی علاقے پانی سے بھر گئے۔ واہنڈو چوک سے لیکر مین گیٹ تک کئی کئی فٹ پانی جمع ہونے کے باعث گھنٹوں ٹریفک معطل رہی۔ گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق صبح سویرے آسمان پر گہرے بادل چھا گئے اور بعدازاں ہلکی پھلکی بارش کا سلسلہ شروع ہوا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ بارش کے باعث گرمی کی شدت میں خاطرخواہ واقع ہوئی۔ گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے لوگوں نے سکھ کا سانس لیا۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق شہر اور اسکے نواحی علاقوں میں دوسرے روز بھی ہونے والی موسلا دھار بارش اور تیز آندھی کے باعث درجنوں درخت گر گئے اور بیسیوں مقامات پر بجلی کی تاریں ٹوٹ جانے سے بجلی کی سپلائی کا نظام درہم برہم ہوگیا جس کے بعد لیسکو سب ڈویژنوں اور مینٹیننس کا عملہ ایف آئی اے کے خلاف تین روز سے جاری ہڑتال ختم کرکے کام پر واپس آگیا اور بجلی کی سپلائی کی بحالی کا کام شروع کردیا۔ بارش اور آندھی کے دوران کچے مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے کے علاوہ سڑکوں پر ہونے والے حادثات کے نتیجہ میں 8افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔