چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پیشہ ورانہ مہارت ضروری‘ آرمی ایوی ایشن کی آپریشنل صلاحتیں بڑھانا ہونگی: جنرل راحیل
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ایوی ایشن بیس کے دورے کے دوران ہیلی کاپٹرز کی مرمت کے پہلے مرکز کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ اوورہالنگ کی سہولیات سے رقم اور وقت کی بچت ہوگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے ایوی ایشن بیس کے دورے کے دوران ہیلی کاپٹرز کی مرمت کے پہلے مرکز کا جائزہ لیا۔ اس دوران آرمی چیف نے ایوی ایشن بیس کے انجینئرز اور ٹیکنیشنز کو مبارکباد دی اور کہا کہ بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے خود کو تیار رکھیں۔ ایوی ایشن بیس میں ہیلی کاپٹرز کی اوور ہالنگ ورکشاپ بنائی گئی ہے۔ آرمی چیف نے کہا اوورہالنگ کی سہولیات سے رقم اور وقت کی بچت ہوگی۔ اے این این کے مطابق بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آرمی ایوی ایشن کی آپریشنل صلاحیتوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیشہ وارانہ مہارت اور خود انحصاری سے ہی درپیش چیلنجز سے نمٹا جا سکتا ہے۔ تقریب میں بڑی تعداد میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران نے شرکت کی۔ آرمی چیف نے مرمت کئے گئے ہیلی کاپٹروں کے پہلے بیج کا معائنہ بھی کیا۔