• news

این اے 125 لاہور کے 7 پولنگ سٹیشنز پر انگوٹھوں کی تصدیق کا حکم، این اے 122 حکم امتناعی میں توسیع، عمران سے 3 روز میں جواب طلب

فیصل آباد+ لاہور ( نمائندہ خصوصی+اے پی پی) الیکشن ٹربیونل فیصل آباد نے لاہور کے حلقہ این اے 125 کے 7 پولنگ سٹیشنز پر انگوٹھوں کی تصدیق کا حکم دیدیا ہے اور 28 جون کو انکوائری کمشن بنانے کا بھی حکم دیا ہے۔ الیکشن ٹربیونل فیصل آباد کے جج جاوید رشید محبوبی نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے کمشن کو ووٹوں کی تصدیق اور دیگر انکوائری معاملات بھی طے کرنے کا حکم دیا ہے۔ تحریک انصاف کے حامد خان کی جانب سے این اے 125 کے الیکشن میں دھاندلی اور جعلی ووٹوں کی شکایت کی تھی اور پورے حلقے میں انگوٹھوں کی تصدیق کی استدعا کی گئی تھی اور یہ کیس لاہور سے فیصل آباد کے الیکشن ٹربیونل کو منتقل ہوا تھا جس پر مختصر فیصلہ سنایا گیا۔ خواجہ سعد رفیق کے خلاف حامد خان کی درخواست الیکشن ٹربیونل فیصل آباد کو منتقل ہوئی۔ اے پی پی کے مطابق لاہور ہائی کورٹ نے حلقہ این اے 122 کے متعلق الیکشن ٹربیونل کی کارروائی کے خلاف حکم امتناعی میں سات جولائی تک توسیع کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل کو تین روز میں جواب داخل کرانے کی ہدایت کر دی۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کیس کی سماعت کی۔

ای پیپر-دی نیشن