• news

ضروری اشیا کی مناسب قیمتوںپر فراہمی کیلئے کڑے فیصلے کئے جائیں: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کیلئے رمضان المبارک کے دوران آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی کیلئے 5 ارب روپے کے رمضان پیکج کی حتمی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے رمضان پیکج کی منظوری ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی جس میں رمضان پیکج کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران صوبہ بھر میں 346 رمضان بازار لگائے جائیں گے۔ رمضان بازاروں میں آٹے کا 10کلو کا تھیلا 310روپے میں دستیاب ہوگا جبکہ اوپن مارکیٹ میں آٹے کا 10 کلو کا تھیلا 330روپے اور 20کلو آٹے کا تھیلا 660روپے میں ملے گا۔ رمضان بازاروں میں 346 زرعی فیئر پرائس شاپس لگائی جائیں گی جہاں سبزیاں اور پھل سستے داموں دستیاب ہوں گے۔ رمضان بازاروں میں چینی، گھی، انڈے اور مرغی کا گوشت مارکیٹ کے مقابلے میں ارزاں نرخوں پر ملے گا جبکہ صوبہ بھر میں 2ہزار مدنی دسترخوان لگانے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ، سبزیوں اور پھلوں کی سستے داموں وافر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اشیاء کی کوالٹی اور سپلائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ ریٹ لسٹیں نمایاں طورپر آویزاں ہونی چاہئیں۔ رمضان بازاروں میں صفائی اور پارکنگ کے بہترین انتظامات کیے جائیںاور اوزان پیمائش کی چیکنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ رمضان بازاروں میں یوٹیلٹی سٹور کے خصوصی سٹال بھی لگائے جائیں گے۔ رمضان المبارک کے دوران ماڈل بازاروں کے سٹال مالکان سے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزراء اور سیکرٹری صاحبان رمضان بازاروں کے خود دورے کریں گے اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور کوالٹی کی مانیٹرنگ کرکے روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ دیں گے۔ رمضان پیکیج پر بہترین کام کرنے والے منتخب نمائندوں اورانتظامیہ کی بھر پور حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران بعض سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافے کی خبروں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں اوراداروں کے حکام کو وارننگ دی اور ہدایت کی کہ رمضان المبارک کی آمد سے قبل اشیاء کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ فی الفور واپس لانے کیلئے سخت اقدامات اٹھائے جائیں۔ مجھے صرف نتائج چاہئیں،کوئی بہانے بازی برداشت نہیں کروں گا۔ عام آدمی کو مناسب قیمتوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے کڑے فیصلے کیے جائیں۔ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزں کے خلاف بلاامتیاز سخت کارروائی کی جائے۔ عام آدمی کو لوٹنے والے مگر مچھوں کی جگہ جیل ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز فارمولا نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کراچی کیمپس کے ریسنگ ممبرز کے وفدنے ملاقات کی اور انہیں برطانیہ میں منعقد ہونے والے عالمی مقابلے میں شرکت کے بارے میں آگاہ کیا۔ شہباز شریف نے طلباء کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی نوجوان باصلاحیت ہیں اورانہوں نے زندگی کے تمام شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اورملک وقوم کا نام روشن کیا ہے۔ نسٹ کے طالبعلموں کی برطانیہ میں منعقد ہونے والے عالمی مقابلے میں شرکت خوش آئند اورایک منفرد اعزاز ہے۔ نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ)کے طالبعلموں نے اپنی مہارت، قابلیت اور صلاحیتوں کی بنا پر فارمولاکار تیار کر کے نمایاں کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ فارمولا کار کی تیاری میںطالبعلموں کا جذبہ اور عزم قابل تعریف ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستانی طلباء کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ طالبعلم وطن کا نام روشن کریں گے۔ پنجاب میں ہر سال یوتھ فیسٹیول کے انعقاد سے صوبے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ مل رہا ہے۔ پنجاب حکومت موٹر کار سپورٹس کے فروغ کے لئے اقدامات کررہی ہے اورموٹر کار کے ٹریک کے لئے کلر کلہار کے قریب جگہ کا انتخاب بھی کر لیا گیا ہے۔ علاو ازیں شہبازشریف نے متحدہ قومی موومنٹ کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف مرحومہ کے اہل خانہ کو دھمکیاں ملنے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے طاہرہ آصف مرحومہ کے اہل خانہ کو مکمل سکیورٹی فراہم کرنے اور دھمکیاں دینے والوں کے خلاف فی الفور کارروائی کی ہدایت کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن