سبزیوں، پھلوں، میک اپ الیکٹرانکس سمیت 282 اشیاء کی درآمد پر 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایف بی آر نے صدر کی طرف سے فنانس بل کی توثیق کے بعد بجٹ اقدامات کے نفاذ کے متعلق نوٹیفکیشن کا اجراء شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ روز متعدد نوٹیفکیشن جاری کئے گئے جن میں سے ایک کے تحت 282 آئٹمز کی درآمد پر 26 جون سے معمول کی کسٹمز ڈیوٹی کے علاوہ 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی نافذ کر دی گئی ہے۔ جن اشیاء پر 5 فیصد ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی گئی۔ ان میں سٹیلائٹ ڈش رسیور‘ دفاتر میں استعمال ہونے والا میٹل فرنیچر‘ ووڈن فرنیچر‘ کرسمس ٹریز کے لائٹنگ سیٹ‘ پاؤڈر پف‘ مائیکرو ویوو اوون‘ الیکٹرک اوون‘ کافی اینڈ ٹی میکرز‘ ٹوسٹر‘ پاکٹ سائز ریڈیو کیسٹ پلیئرز‘ کمبائنڈ ریفریجریٹرز‘ فریزرز‘ ٹیبل‘ پیڈسٹل فین‘ کوکنگ رینج‘ مختلف اقسام کے صابن‘ نیل پالش‘ ٹیلکم پاؤڈر‘ لپ سٹک، میک اپ‘ ڈاگ اینڈ کیٹ فوڈ‘ منرل واٹر‘ سیرپ‘ مشروب‘ مکسچر آف جوسز‘ اچار‘ سویٹ بسکٹ‘ پھل آڑو‘ الوچا‘ سیب‘ خوبانی‘ تربوز‘ لیموں‘ کینو‘ دہی‘ مکھن شامل ہیں۔ ایک دوسرے نوٹیفکیشن کے ذریعے ’’ہائی برڈ‘‘ گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکسوں کی چھوٹ میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 1200 سی سی تک ہائی برڈ گاڑیوں کی درآمد پر سیلز ٹیکس‘ کسٹمز ڈیوٹی اور ودھ ہولڈنگ ٹیکسوں کی چھوٹ 100 فیصد تھی اب اسے تبدیل کر دیا گیا ہے اور اب 1800 سی سی تک کی ہائی برڈ گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکسز میں چھوٹ 50 فیصد ملے گی جبکہ 1800 سی سی سے زیادہ طاقت کی ہائی برڈ گاڑیوں کی درآمد پر چھوٹ 25 فیصد ہو گی۔ نئے نوٹیفکیشن کا اطلاق 13 جون سے کیا گیا ہے۔