شجاعت کے سمیع الحق، اویس نورانی اعجاز ہاشمی، ایاز پلیجو سے رابطے
لاہور + اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) ق لیگ کے رہنما چودھری شجاعت حسین نے مختلف سیاسی رہنمائوں سے رابطے کرکے انہیں اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی ہے۔ چودھری شجاعت نے مولانا سمیع الحق سے فون پر رابطہ کیا اور اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔ مولانا سمیع الحق نے کہا وہ مشاورت کے بعد شرکت سے متعلق آگاہ کریں گے۔ اس کے علاوہ چودھری شجاعت حسین اور ڈاکٹر طاہر القادری نے جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ پیر اعجاز احمد ہاشمی اور شاہ محمد اویس نورانی سے رابطہ کرکے گرینڈ الائنس میں شمولیت کی دعوت دی، پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بعد جمعیت علمائے پاکستان کی عاملہ اتحاد میں شامل ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کرے گی۔ اطلاعات کے مطابق شیخ رشید سے بھی رابطہ کیا گیا جنہوں نے شرکت کی دعوت قبول کرلی۔ شجاعت حسین نے ایاز پلیجو سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور انہیں حکومت مخالف اتحاد میں شمولیت کی دعوت دی اور کہا کہ خواہش ہے آپ اپوزیشن الائنس کا حصہ بنیں۔ ایاز پلیجو نے کہا پارٹی کی سٹینڈنگ کمیٹی میں آپ کی دعوت کا ایجنڈا رکھیں گے۔