• news

پاکستان‘ بھارت کے درمیان 6 کرکٹ سیریز کا معاہدہ‘ آئی سی سی میں ’’بگ فور‘‘ کا درجہ مل گیا‘ پی سی بی کا دعوی

لاہور (سپورٹس ڈیسک+نوائے وقت رپورٹ+نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور بھارتی کرکٹ ٹیم کے درمیان 6 کرکٹ سیریز کا معاہدہ طے پا گیا۔ پی سی بی کے مطابق پاکستان کو بگ فور کا درجہ مل گیا ہے۔ پاکستان 4 اور بھارت 2 سیریز کی میزبانی کرے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز 2015ء سے 2023ء کے درمیان کھیلی جائیگی۔ ریونیو کا چوتھا حصہ پاکستان کو ملے گا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے معطل چیئرمین سری نواسن کو 2 سال کے لئے آئی سی سی کا نیاچیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔سری نواسن کو گزشتہ برس آئی سی سی کے ممبر ممالک کی منظوری کے بعد عالمی کرکٹ کونسل کا نیاچیئرمین منتخب کیا گیا ہے، سری نواسن کو 52 ووٹ ملے، سری نواسن یکم جولائی سے اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔واضح رہے کہ بھارت کی سپریم کورٹ نے سری نواسن کو آئی پی ایل میں کرپشن کے الزامات میں معطل  کر کے سنیل گواسکر کو بی سی سی آئی کا چیر مین منتخب کیا تھا لیکن اس کے باوجود سری نواسن 2 روز سے جاری اجلاس میں شریک رہے۔ 2012ء میں آئی سی سی کے نائب صدر کا عہدہ سنبھالنے والے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے سابق صدر مصطفی کمال اگلے دو سالوں کیلئے ٰآئی سی سی کے گیارہویں صدر بھی منتخب ہو گئے۔ چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے مطابق 2015ء کے بعد پاکستان کو آئی سی سی کی صدارت بھی مل جائیگی جس کی میعاد ایک سال کیلئے ہو گی۔ ہم نے اپنے مقاصد حاصل کر لئے ہیں۔ امید ہے مستقبل میں پاکستان کرکٹ کو بہت زیادہ فائد ہو گا۔ آئی سی سی آمدنی کا چوتھا بڑا حصہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو ملے گا۔ بھارت، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے بعد پاکستان آئندہ آٹھ سال کیلئے مالی فائدہ حاصل کرے گا۔ انٹر نیشنل کونسل کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ پاکستان کو بگ فور کا درجہ مل گیا ہے۔بھارت نے بھی سیریز کی تصدیق نہیں کی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن