فیفا ورلڈکپ کا پری کوارٹر فائنل مرحلہ کل شروع ہوگا
برازیلیا (اے پی پی) بیسویں فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ کا پری کوارٹر فائنل مرحلہ (کل) ہفتہ کو شروع ہوگا۔ اس سلسلے میں کل دو میچ کھیلے جائینگے، برازیل میں جاری میگا ایونٹ میں دنیائے فٹ بال کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان دلچسپ و سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، میگا ایونٹ مین رائونڈ میں داخل ہوچکا ہے اور اب جو ٹیم میچ ہارے گی وہ ایونٹ سے باہر ہوتی جائیگی۔ پری کوارٹر فائنل رائونڈ کا پہلا میچ پانچ مرتبہ کی فاتح برازیل اور چلی کی ٹیموں کے درمیان بیلو ہوریزونٹ کے مقام پر کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات نو بجے شروع ہوگا۔ دوسرا میچ کولمبیا اور یوروگوئے کی ٹیموں کے درمیان ریوڈی جنیرو کے مقام پر کھیلا جائیگا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات ایک بجے شروع ہوگا۔