پھولنگر: سکریپ سے بھرا کنٹینر کاروں پر گر گیا، باپ بیٹے سمیت 5 افراد جاں بحق
پھول نگر+ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) ملتان روڈ اڈا گولڈن کے قریب سکریپ سے بھراکنٹینر 3 کاروں کے اوپر الٹ گیا۔ پانچ کار سوار بروقت امداد نہ ملنے کی وجہ سے جاں بحق جبکہ مرنے والوں میں باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔ موٹر وے پولیس نے کارروائی شروع کر دی۔ کراچی سے لاہور آنے والا ٹریلر جب گولڈن اڈا کے قریب پہنچا تو ڈرائیور تیز رفتاری پر قابو نہ رکھ سکا۔ نیچے سے گزرنے والی تین کاریں نیچے دب گئیں۔ ایک کار نمبر 2451-LEB اور سوزوکی وین نمبر7050-LES کے مسافر وں کو زندہ نکال لیا گیا جبکہ دونوں گاڑیوں کے درمیاں آنے والی کار میں سوار دو مسافر قریب کھڑے لوگوںکو پکار پکار کر پانی مانگتے رہے بروقت امداد نہ ملنے کی وجہ سے یٰسین، محمد اویس، عبدالجبار، محمد امجد، ڈرائیور محمد کاشف خالق حقیقی سے جا ملے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پھول نگر کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔