سانحہ لاہور: ٹربیونل نے تحریری جواب کیلئے رانا ثنائ، توقیر شاہ کو 30 جون تک مہلت دیدی
لاہور (وقائع نگار خصوصی+ ایجنسیاں) سانحہ منہاج القرآن کی تحقیقات کرنے والے مسٹر جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل جوڈیشل کمیشن نے سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ اور وزیراعلیٰ کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر کو 30 جون تک تحریری جواب داخل کر وانے کی مہلت دے دی۔ ٹریبونل نے جنرل، جناح‘ میو اور گنگارام ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو زخمیوں سے متعلق تمام تفصیلات کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیدیا جبکہ آئی جی پنجاب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظو ر کر لی گئی۔ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کو کمشن کے سامنے پیش کرنے کی ذمہ داری سی سی پی او لاہور کو دیدی گئی۔ ٹریبونل میں چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے بیان قلمبند کراتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ منہاج القرآن سے ایک روز قبل آئی جی اور ڈی سی او کا تبادلہ کوئی منصوبہ بندی نہیں بلکہ معمول کا تقرر و تبادلہ تھا۔ لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان نے ضرورت پڑنے پر وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی کمشن میں بلانے کا مطالبہ کر دیا اور کہا نہتے شہریوں پر فائرنگ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ رانا ثناء اللہ کمشن کے سامنے پیش ہونے کے لئے آئے تو مسلم لیگ (ن) کے وکلاء کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا اور ان کے استقبال کی وجہ سے عدالت میں بدنظمی بھی دیکھنے میں آئی اور جب کارروائی کا آغاز ہوا تو وہاں بھی مسلم لیگ ن کے بعض وکلاء نے بولنے کی کوشش کی اس پر عدالت نے سختی سے تمام شرکاء کو خاموش رہنے کا حکم دیا۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بطور وزیر قانون صوبے میں امن ومان یقینی بنانا میری ذمہ داری تھی۔ تحقیقات کو شفاف بنانے کیلئے عہدے سے استعفی دیا جس پر کمشن کے سربراہ مسٹر جسٹس علی باقر نجفی نے کہا کہ آپ استعفیٰ کی بات کی بجائے یہ بتائیں کہ سانحہ منہاج القرآن کیسے پیش آیا اور آپ نے کیا کیا جس پر رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ میں اس پر تحریری جواب دینا چاہتا ہوں جس کیلئے مجھے مہلت دی جائے جس پر کمیشن کے سربراہ نے توقیر شاہ سے ان کا مؤقف پوچھا کہ توقیر شاہ نے کہا کہ اگر مجھے کمشن کہے تو میں ابھی ہی اپنا بیان قلمبند کرانے کو تیار ہوں لیکن میری درخواست ہے کہ مجھے تحریری جواب داخل کرانے کیلئے مہلت دی جائے۔ آئی این پی کے مطابق کمشن نے ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادوں حسن محی الدین اور حسین محی الدین کو بھی سوموار کو طلب کر لیا ہے۔ ٹریبونل نے عوام کیلئے ای میل ایڈریس جاری کرنے کا حکم بھی دے دیا ہے جس پر عام شہری سانحے سے متعلق معلومات دے سکتے ہیں۔ ٹریبونل ذرائع کے مطابق غیر متعلقہ مواد کو زیر غور نہیں لایا جائے گا۔ ٹریبونل کے حکم پر tribunal.minhajulquran@gmail.com ای میل جاری کیا گیا ہے۔