• news

’’سونامی مارچ‘‘ اگست کے آخر میں شروع ہونے کا امکان

لاہور (جواد آر اعوان/ دی نیشن رپورٹ) باخبر ذرائع کے مطابق دھاندلی کے خلاف مہم کے فائنل راؤنڈ میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان آج بہاولپور میں ’’سونامی مارچ‘‘ کے نام سے لانگ مارچ کا اعلان کریں گے۔ عمران خان کے قریبی ساتھیوں نے بتایا  کور کمیٹی کے اجلاس میں کئی نام تجویز کئے گئے اور اکثریتی ارکان نے سونامی مارچ کے نام کی منظوری دی۔ اجلاس میں جسٹس مارچ اور شفاف انتخابات مارچ کے نام دئیے گئے تھے۔ جب سونامی مارچ کی تاریخ کے حوالے سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا سونامی مارچ کی تاریخ کا اعلان آج عمران خان کریں گے اور یہ اگست کے آخر میں شروع ہو سکتا ہے۔ وہ سونامی مارچ تک دھاندلی کیخلاف مہم کا مکمل شیڈول بھی دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تحریک انصاف نے ضرب عضب آپریشن کے بعد اپنی مہم مؤخر کی اور وہ طاہرالقادری کی جانب سے ممکنہ حکومت مخالف تحریک کے پیش نظر دوبارہ میدان میں آئے گی۔ سونامی مارچ کا اختتام اسلام آباد میں ہو سکتا ہے اور مطالبات پورے ہونے تک مارچ ختم نہیں ہوں گے۔ اس حوالے سے اعجاز چودھری نے کہا کہ سونامی مارچ کے علاوہ اور کیا موزوں نام ہو سکتا تھا۔ پارلیمنٹ اور خیبر پی کے اسمبلی سے استعفوں کے بارے میں انہوں نے کہا  ابھی اس پر کوئی فیصلہ نہیں، ہم جمہوریت ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے۔ ہم جمہوریت کی پیداوار ہیں۔ ہمارا خیال ہے کہ لانگ مارچ ہمیں انصاف دلائے گا۔
سونامی مارچ

ای پیپر-دی نیشن