تحفظ پاکستان بل مسترد کرتے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں اسکے خلاف آواز اٹھائیں: سراج الحق
لاہور(خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ تحفظ پاکستان بل ملک میں غیر اعلانیہ مارشل لاء لگانے اور جمہوریت کے چہرے کو مسخ کرنے کے مترادف ہے، بل کے ذریعے پاکستانی شہریوں کو حاصل بنیادی و آئینی حقوق سلب ہو جائیں گے اور پاکستان پوری دنیا میں ایک تماشہ بن جائیگا، ملک بھر کی سیاسی جماعتیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں تحفظ پاکستان بل کے خلاف آواز اُٹھائیں۔ جماعت اسلامی تحفظ پاکستان بل کو مسترد کرتی ہے۔ ضلع دیر میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ محض شک کی بنیاد پر کسی شہری کو 60دن تک حراست میں رکھنا کہاں کا انصاف ہے؟ پولیس اور سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں کو لوگوں کو گولی مارنے کے لامحدود اختیارات دینے سے ملک بھر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گی اور تحفظ پاکستان بل سیاسی مخالفین کی زبانیں بند کرنے کیلئے استعمال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تحفظ پاکستان بل کے ذریعے بدترین آمریت کی راہ ہموار کی جارہی ہے اور حکمرانوں کو ڈکٹیٹروں سے بھی زیادہ اختیارات مل جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی پُرامن آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے سے ملک میں تبدیلی لانے پر یقین رکھتی ہے۔ عیدالفطر کے بعد ایک عوامی ایجنڈا لیکر ملک کے کروڑوں عوام کے پاس جائوں گا۔
سراج الحق