اسلام آباد ہائیکورٹ: ایم ڈی پی ٹی وی کو کام جاری رکھنے کی اجازت، ڈویژن بنچ نے کیس کی سماعت سے معذرت کرلی
اسلام آبا د(وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے پی ٹی وی کے ایم ڈی محمد مالک کی انٹرا کورٹ اپیل کی سماعت سے معذوری ظاہر کرتے ہوئے کیس کسی اور بنچ میں لگانے کے لئے عدالت عالیہ کے چیف جسٹس کو بھجوا دیا جبکہ تحریری احکامات جاری ہونے تک محمد مالک کو بطور ایم ڈی کام جاری رکھنے کی اجازت دیدی ہے۔ واضح رہے کہ عدالت عالیہ کے جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے ڈائریکٹر سپیشل اسائنمنٹس قاضی مصطفی کمال کی درخواست منظور کرتے ہوئے پی ٹی وی کے ایم ڈی محمد مالک کی تعیناتی کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی۔ جمعرات کو عدالت عالیہ کے جسٹس نورالحق این قریشی اور جسٹس اطہر من اللہ نے اپیل کی سماعت کی۔ محمد مالک کی جانب سے اکرم شیخ ایڈووکیٹ عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور کہا کہ اس وقت دہشت گردی کے خلاف جنگ ہورہی ہے جس کی قومی میڈیا پر کوریج بہت ضروری ہے۔ میرے موکل کی تقرری کمیشن نے کی تھی۔ ابھی تک ان کی برطرفی کے حوالے تحریری احکامات بھی جاری نہیں ہوئے۔ اس پر فاضل عدالت نے تحریری احکامات جاری ہونے تک محمد مالک کو کام جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے کیس کسی دوسرے ڈویژن بنچ میں لگانے کے لئے چیف جسٹس کو بھجوا دیا جو پیر کو اس کیس کی سماعت کرے گا۔
محمد مالک / کام کی اجازت