پاکستان اپنی سرزمین بھارت کیخلاف استعمال نہ ہونے کا وعدہ پورا کرے: رویندر جیت سنگھ
سرینگر (کے پی آئی) بھارتی وزیر مملکت برائے دفاع رویندر جیت سنگھ نے کہا ہے کہ دوطرفہ معاملات کے حل کیلئے پاکستان کیلئے بات چیت صرف اسی صورت میں آگے بڑھ سکتی ہے اگر پاکستان اپنی سرزمین بھارت کے خلاف استعمال نہ ہونے کا وعدہ پورا کرے۔دورہ مقبوضہ کشمیر کے دوران اخبار نویسوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وزیر مملکت برائے دفاع کا کہناتھا کہ پاکستان کے ساتھ بنیادی مسئلہ یہ ہے کہ وہ اپنی سرزمین بھارت کے خلاف دہشت گردانہ کاروائیوں کے استعمال نہ ہونے دے،اگر وہ ایسا یقینی بنائیں گے تو بات چیت کیلئے ماحول سازگار بن جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھانے کیلئے بنیادی شرط یہ ہے کہ پاکستان اپنی سرزمین بھارت کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کیلئے استعمال ہونے کی اجازت نہ دے۔ انہوں نے کہا بندوقوں کی گن گرج کے بیچ مذاکرات نہیں ہوسکتے، ہم پرامید ہیں کہ پر امن ماحول جاری رہے گااور معاملات حل کئے جائیں گے ۔کشمیر کی صورتحال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کشمیرمیں صورتحال صرف قابو میں ہی نہیں ہے بلکہ گزشتہ کئی برسوں کے دوران حالات میں بہتری بھی آئی ہے۔انہوں نے کہامجھے لگتا ہے کہ یہ فوج کی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ انہوں نے صورتحال کو قابو سے باہر جانے نہیں دیا ۔یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ چین کو خطرہ سمجھتے ہیں،وزیر کا کہناتھانئی دہلی کو ان تمام ممالک کے ساتھ احتیاط سے چلنا ہوگا جن کے ساتھ ماضی میں تنازعات رہے ہیں۔انہوں نے کہاہم اپنے ہمسائے چن نہیں سکتے اور جس سکیورٹی ماحول کی ہم خواہش کررہے ہیں،وہ شاید موجود نہیں ہے۔
بھارتی وزیر دفاع