• news

پرویز خٹک کا خیبر پی کے میں جنگلات کی کٹائی پر پابندی اٹھانے سے انکار

پشاور(این این آئی)خیبرپی کے کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے جنگلات میں ہر قسم کی کٹائی پر عائد پابندی اٹھانے سے صاف انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگلات کے رقبے میں اضافے کے ساتھ ساتھ درختوں کی سائنسی بنیادوں پر کٹائی کیلئے جامع ماحولیات پالیسی تیار ہو گئی ہے جس کا اگلے مہینے اعلان کیا جا رہا ہے اور اس میں دیگر ٹھوس اقدامات کے علاوہ جنگلات مالکان اور ٹمبر تاجروں کیلئے بھی خوشخبریاں ہیں وہ ضلع دیربالا کے ٹمبر مالکان و عمائدین کے  وفد سے باتیں کر رہے تھے۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ اُنہیں بخوبی معلوم ہے کہ جنگلات کی کٹائی پر پابندی کی وجہ سے مالکان جنگلات و ٹمبر تاجران معاشی مشکلات سے دوچار ہیں کیونکہ یہی انکا واحد ذریعہ روزگار ہے۔ تاہم  جنگلات قدرتی ماحول کا اہم ترین جزو اور آئندہ نسلوں کی امانت ہیں جن کی مناسب دیکھ بھال اور انہیں بیدریغ کٹائی سے روکنا ہمارا قومی فرض ہے انہوں نے کہا کہ جنگلات کی غیر فطری کٹائی کا خمیازہ ہم ماضی میں بھگت چکے ہیںگزشتہ ایک عشرے میں سیلابوںسے ہونے والی قیامت خیز تباہ کاریوں کی ماضی بعید میں مثال نہیں ملتی جس کی بنیادی وجہ جنگلات کی تلفی اور فطرت سے لڑائی ہے چند ٹکوں کی خاطر ماحول سے جنگ اور مستقبل کو قدرتی آفات کی نذر کرنا دانشمندی نہیں۔  پرویز خٹک نے کہا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم اور صوبائی خود مختاری کے بعد ہماری قومی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہو گیا ہے ہم اگلے مہینے ماحولیات سے متعلق جامع پالیسی کا اعلان کرنے والے ہیں جس میںجنگلات سے متعلق سائنٹفک مینجمنٹ پلان کا اعلان بھی شامل ہے ہر جنگلات ڈویژن کیلئے الگ پلان ہو گا جس میں ونڈ فال کی لکڑی منظم و سائنسی انداز میں نکالنے کے بعد جنگلات کی کٹائی پر مکمل پابندی ہو گی جبکہ اس میں 2003 سے روکے گئے ونڈ فال کے تمام کیسز بھی نمٹا دیئے جائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن