2004ء میں طاہر القادری کے اثاثے99 لاکھ،10 میں3 لاکھ38 ہزار تھے: الیکشن کمشن
اسلام آباد (خبرنگار + اے این این) الیکشن کمشن نے ڈاکٹر طاہرالقادری اور ان کی جماعت کے اثاثوں کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ 2004ء میں طاہرالقادری کے پاس 99 لاکھ روپے کے اثاثے تھے، بینک بیلنس 33 ہزار، ماڈل ٹائون میں 40 لاکھ کا گھر اور 45 لاکھ کے پلاٹ تھے، ملک سے باہر کوئی ذاتی گاڑی یا جائیداد نہیں تھی، 2010ء میں طاہر القادری کے اثاثوں کی کل مالیت 3 لاکھ 38 ہزار جبکہ ان کی جماعت کے اثاثوں کی مالیت ایک لاکھ 60 ہزار روپے تھی، ریکارڈ ایف آئی اے کو بھی بھجوا دیا گیا۔ الیکشن کمشن کے ریکارڈ کے مطابق 2004ء میں طاہر القادری کے پاس 9 لاکھ روپے نقد ٗ 500 پائونڈ ٗ 495 ڈالر اور30 تولے سونا ان کی اہلیہ کے نام پر تھا جس کی مالیت ایک لاکھ 80 ہزار روپے ظاہر کی گئی تھی۔ 2010ء میں طاہر القادری کے اثاثوں کی کل مالیت 3 لاکھ 38 ہزار تھی ان کی جماعت عوامی تحریک کے اثاثوں کی مالیت ایک لاکھ 60 ہزار روپے تھی اور اخراجات 2 لاکھ 851 روپے تھے۔ 2010ء میں طاہر القادری کے پاس دو لاکھ کا فرنیچر اور 75 ہزار کی کتابیں تھیں۔ ایف آئی اے حکام نے بتایا ہے کہ طاہر القادری کے ملک کے اندر اور ملک سے باہر تمام اثاثوں کی تحقیقات کی جارہی ہے اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد طاہر القادری کے خلاف باقاعدہ کارروائی کی جائے گی۔