• news

خواہش ہے شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کی امداد کیلئے نوازشریف اور عمران ٹی 20 میچ کھیلیں: شاہد آفریدی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ ایجنسیاں) پاکستانی کرکٹر شاہد آفریدی نے وزیراعظم نوازشریف اور عمران خان کے درمیان ٹی 20 کرکٹ میچ کرانے کی خواہش ظاہر کر دی۔ شاہد آفریدی کا کہنا ہے وزیراعظم نوازشریف اور عمران خان آئی ڈی پیز کیلئے میچ میں ٹیموں کی قیادت کریں جس کی آمدنی شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والے افراد کو دی جائے۔کرکٹ میچ رمضان المبارک میں ہو سکتا ہے، میری خواہش ہے کہ ایک ٹیم کی قیادت وزیراعظم نواز شریف اور دوسری کے کپتان عمران خان ہوں، وہ لوگ جو اپنے گھروں کو چھوڑ کر آ رہے ہیں ان کی مدد ہم سب کا فرض ہے۔ نوازشریف اور عمران خان ایک ہی فیلڈ میں ہیں، دونوں رہنما ہونگے تو بڑی تعداد میں لوگ میچ دیکھنے آئیں گے۔ وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان کے درمیان میچ میں تھرڈ امپائر بنوں گا۔ اس میچ کا انعقاد مشکل ہے لیکن ایسا میچ ضرور ہونا چاہئے۔ ٹی 20 میچ لاہور میں کرایا جائے۔ علاوہ ازیں سپورٹس رپورٹر کے مطابق شاہد آفریدی نے کہا کہ قبائلی علاقوں اور خیبر پی کے کے دور دراز علاقوں کے عوام کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ میں نے اپنے شہر کوہاٹ میں ہسپتال بنا کر اس کار خیر کا آغاز کر دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شاہد آفریدی فائونڈیشن کی لانچنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ای پیپر-دی نیشن