• news

جماعۃ الدعوۃ کا ملک گیر احتجاج، ریلیاں، امریکی پابندیوں کی کوئی پروا نہیں : حافظ سعید

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امریکہ کی طرف سے جماعۃالدعوۃ اور اس کے رہنمائوں پر پابندیوںکے خلاف ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی،ملتان، کراچی، ڈیرہ اسمٰعیل خاں اور دیگر شہروں میں زبردست احتجاجی مظاہرے کئے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں طلبائ، وکلائ، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، نماز جمعہ کے اجتماعات کے بعد ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور جماعۃ الدعوۃ پر پابندیوں کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا، سب سے بڑا مظاہرہ چوبرجی چوک لاہور میں کیا گیا جبکہ وزیرستان متاثرین کی جانب سے ڈیرہ اسمٰعیل خاں میں بھی جماعۃالدعوۃ کے حق میں اور امریکہ کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا۔ حافظ محمدسعید کے خطاب کے دوران بھارت و امریکہ کے خلاف سخت نعرے بازی کی گئی۔ ملک گیر یوم احتجاج کے دوران جید علماء کرام، شیوخ الحدیث اور مذہبی جماعتوں کے قائدین کی جانب سے خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں پاس کی گئیں اور جماعۃالدعوۃ پر پابندیوں اور اس کے رہنمائوںکو دہشت گرد قرار دئیے جانے کے خلاف سخت احتجاج کیا گیا۔ جماعۃالدعوۃ پاکستان کی طرف سے چوبرجی چوک کئے جانے والے احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید، لاہور ہائی کورٹ بار کے سابق سیکرٹری عبداللطیف سراء ایڈووکیٹ، امیر جماعۃالدعوۃ لاہور مولانا ابو الہاشم، پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین چودھری محمد انور، ایپکا یونین کے رہنما میاں مصطفیٰ، پنجاب ٹیچرز یونین کے رہنما مولانا محمد ادریس فاروقی، حبیب الرحمن ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ امیر جماعۃالدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہاکہ امریکہ، بھارت اور ان کے اتحادی جماعۃالدعوۃ پر پابندی لگاکر ہماری آواز خاموش کرنا چاہتے ہیں لیکن شکست خوردہ امریکہ کی پابندیاں کوئی حیثیت نہیں رکھتیں، پابندیوں سے مسلمانوںکی غیرتیں مزید اجاگر ہوں گی، دشمنان اسلام مسلمانوں کو آپس میں لڑانا چاہتے ہیں، اس مقصد کیلئے فرقہ وارانہ قتل و غارت گری، تخریب کاری و دہشت گردی کو بھڑکایا جارہا ہے۔ جماعۃالدعوۃ ملک کے کونے کونے میں جاکر امریکہ اور اس کے اتحادیوں کی سازشوں کو بے نقاب کر رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ہم پر بار بار پابندیوں کے اعلانات کئے جارہے ہیں۔ امن کی بحالی بیرونی سازشوں کے توڑ کا بہترین ذریعہ ہے۔ انہوںنے کہاکہ امریکہ کافی دیر سے شمالی وزیرستان آپریشن کروا کے نیٹو فورسز کے خلاف لڑنے والے مسلمانوںکوٹارگٹ کرنا چاہتا تھا لیکن پاک فوج نے اس کا مطالبہ تسلیم نہیں کیا اور اب امریکہ کی بجائے پاکستان کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے آپریشن کا آغاز کیا گیا ہے۔ جماعۃ الدعوۃ بنوں ڈیرہ اسماعیل خاں اور دیگر علاقوں میں الحمدللہ ہزاروں متاثرہ خاندانوں کی کفالت کر رہی ہے۔ اس بات کا امریکہ کو سخت غصہ ہے۔ امریکہ کی طرف سے جماعۃالدعوۃ، تحریک حرمت رسول اور تحریک تحفظ قبلہ اول پر پابندیوں کی کوئی پروا نہیں ہے، انہوں نے کہاکہ لشکر طیبہ اور جماعۃ الدعوۃ دو الگ الگ تنظیمیں ہیں۔ ہماری عدالتیں جماعۃ الدعوۃ کے حق میں فیصلے دے چکی ہیں جو ہمارے لئے اعزاز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرستان میں ہندو خاندان بھی نقل مکانی کر کے آئے ہیں میں نے کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ ماضی کی طرح اب بھی بلاامتیاز ہندو خاندانوں کو بھی امداد فراہم کی جائے، انہوں نے کہا کہ امریکہ کے پاس اپنی کوئی معلومات نہیں ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ ہم ہر میدان میں امریکی سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں، اسے اس خطے سے نکال کر دم لیں گے، انڈیا کو افغانستان میں فوج رکھنے کا کوئی حق نہیں وہ پاکستان کے لئے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے، ہم ہر خطرہ بننے والی قوت کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، انہوں نے کہ متحد ہو کر دشمنوں کی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔ پاکستان کسان اتحاد کے چیئرمین چودھری محمد انور نے کہا کہ امریکہ نے بھارت کو خوش کرنے کے لئے جماعۃ الدعوۃ پر پابندی لگائی، بھارت نے پاکستان کے پانی پر قبضہ کر رکھا ہے اور پاکستان کو بنجر بنانا چاہتا ہے، افغانستان میں امریکہ شکست کھا چکا ہے۔ ہر گھر سے حافظ محمد سعید نکلے گا، امریکہ کتنوں پر پابندیاں لگائے گا۔ چودھری عبداللطیف سراء جنرل سیکرٹری لاہور ہائیکورٹ بار نے کہا کہ رفاہی و فلاحی اداروں پر پابندیاں لگا کر صلیبیوں و یہودیوں کو خوش کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ احتجاجی مظاہرہ سے امیر جماعۃ الدعوۃ لاہور مولانا ابوالہاشم، پنجاب ایپکا یونین کے میاں مصطفیٰ، پنجاب ٹیچر یونین کے مستنصر بلا، نعمان یحییٰ ایڈووکیٹ، عتیق مغل و ددیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں وزیرستان کے متاثرین سڑکوں پر نکل آئے اور جماعۃ الدعوۃ سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسلامیہ اسکول سے ٹانک اڈا تک ریلی نکالی۔ اس دوران امریکہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور امریکی صدر بارک اوباما کا پتلا بھی نذر آتش کیاگیا۔ قبل ازیں جماعۃ الدعوۃ کے صوبائی رہنما عتیق الرحمان چوہان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے صوبائی آفس میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی جانب سے جماعۃ الدعوۃ اور ان کے دو بزرگ رہنمائوں کو دہشت گرد قرار دینے سے اسلام و پاکستان دشمنی واضح ہوگئی ہے۔ راولپنڈی میں جماعۃالدعوۃ کی طرف سے راولپنڈی پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوںمیں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ و بھارت کے خلاف تحریریں درج تھیں۔ مقررین کے خطابات کے دوران مظاہرین بھارت و امریکہ کے خلاف سخت نعرے بازی کرتے رہے۔ راولپنڈی پریس کلب کے باہر تحریک حرمت رسولﷺ پاکستان کے کنوینئر مولانا امیرحمزہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ محض بھارت کی خوشنودی کیلئے اس کی ڈکٹیشن پر جماعۃالدعوۃ اور اس کے رہنمائوں پر پابندیوں کے اعلانات کر رہا ہے۔ وہ بڑے عرصہ سے جماعۃالدعوۃ کے خلاف کھیل کھیل رہا ہے۔ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے اسلام آباد آئی ایٹ مرکز میں جامع مسجد قبا کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔جماعۃالدعوۃ سیاسی امور کے سربراہ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے جامع مسجد قبا میں خطبہ جمعہ اور جماعۃالدعوۃ اسلام آباد کے امیر محمد شفیق و دیگر نے احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خود کو دنیا کی سپر پاور کہلانے والے امریکہ کو 80 سالہ بیمار اوربزرگ لوگوںکو دہشت گرد قرار دیتے ہوئے شرم آنی چاہئے۔ جماعۃالدعوۃ پر پابندیوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیاجس میں شہر بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروںافراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر جماعۃالدعوۃ کراچی کے امیر ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی، حافظ کلیم اللہ و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم امریکی پابندیوں کو مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان کی عدالتیں اس بات کا فیصلہ دے چکی ہیں کہ جماعۃ الدعوۃ اور لشکر طیبہ دو الگ الگ جماعتیں ہیں۔جماعۃالدعوۃ پر پابندیوں کے خلاف گوجرانوالہ، سیالکوٹ، قصور، کھڈیاں، جہلم، راولپنڈی، چکوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اوکاڑہ، ساہیوال، چنیوٹ، ڈیرہ اسماعیل خاں، صادق آباد، مظفر گڑھ، میانوالی، بھکر، خوشاب، سرگودھا، تلہ گنگ، سکھر، نواب شاہ، بدین، مردان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پورو دیگر شہروں و علاقوں میں بھی علماء کرام نے خطبات جمعہ میں مذمتی قراردادیں پاس کیں اور مساجد کے باہر پرامن مظاہرے کئے گئے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق جماعۃ الدعوۃ نے یوم احتجاج منایا۔ خطبات جمعہ کے موقع پر مذمتی قراردادیں منظور کی گئیں جبکہ کئی مقامات پرمساجد کے باہر پرامن احتجاجی مظاہرے بھی کیے گئے۔ بہاولپور شہر، منڈی یزمان، ہیڈراجکاں، حاصل پور، احمد پور شرقیہ میں امریکی اقدامات کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ مختلف مقامات پراجتماعات جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے مقررین الشیخ عبداللطیف، رانا عمر فاروق اور دیگر نے کہا کہ امریکی اقدامات کی کوئی حیثیت نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن