’’مشتبہ افراد پر گولی چلانے کا اختیار‘‘ انسداد دہشت گردی ترمیمی ایکٹ نافذ
اسلام آباد (آن لائن) صدر ممنون حسین نے انسداد دہشت گردی ترمیمی ایکٹ2014 ء پر دستخط کردیئے۔ گریڈ17 کا پولیس افسر، اس کے مساوی مسلح افواج یاسول آرمڈ فورسز رینک کا افسریا پھر ڈیوٹی پر موجود مجسٹریٹ گولی چلانے کاحکم دے سکے گا۔ وفاقی حکومت، مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کو دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان میں ملوث افراد کو 90روز تک تحویل میں رکھنے کا قانونی جواز بھی دے دیا گیا۔ سینٹ اور قومی اسمبلی سے منظوری اور صدرمملکت کے دستخط کے بعد ایکٹ کا باضابطہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔