آئی ایم ایف نے پاکستان کے لئے 55 کروڑ 59 لاکھ ڈالر قرضے کی قسط جاری کردی
اسلام آباد (وقت نیوز + رائٹر) آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 555.9 ملین ڈالر قرضے کی قسط جاری کردی ہے۔ آئی ایم ایف بورڈ نے یہ فیصلہ پاکستانی معیشت کے تیسرے جائزے کے بعد کیا ہے۔ رائٹر کے مطابق آئی ایم ایف نے یہ قسط اس بات کی تصدیق کے بعد جاری کی ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کی قرضے کی شرائط پر عمل پیرا ہے۔ واضح رہے کہ آئی ایم ایف نے گزشتہ ستمبر میں پاکستان کے لئے 8.6 بلین ڈالر کے قرضے کی منظوری کے بعد اسے ممکنہ ڈیفالٹ ہونے سے بچایا تھا۔عالمی مالیاتی فنڈ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ توسیعی فنڈ سہولت کے تحت طے پانے والے معاہدے کے ذریعے تین سالہ پروگرام کے تحت عالمی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستانی معیشت کی کارکردگی کا تیسرا جائزہ مکمل کرنے کے بعد یہ قسط جاری کی۔ ادھر وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کے بورڈ کی طرف سے تیسرے جائزے کی منظوری سے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں پر ادارے کے اعتماد کی عکاسی ظاہر کرتی ہے۔ حکومت اپنی سیاسی قیادت کے وژن اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے منشور کے مطابق اقتصادی اصلاحات کے ایجنڈے پر عمل جاری رکھے گی۔