• news

سعودی عرب نے زلزلہ متاثرین کیلئے مزید 10 کروڑ ریال کا اعلان کر دیا

جدہ (نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ اسحق ڈار نے سعودی ہم منصب ابراہیم بن عبدالعزیز سے جدہ میں ملاقات کی۔ سعودی عرب نے زلزلہ متاثرین علاقوں کیلئے مزید 10 کروڑ ریال امداد دینے کا اعلان کیا۔ زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کیلئے سعودی عرب کی امداد بڑھ کر 60 کروڑ ریال ہو جائے گی۔ ملاقات میں نیلم جہلم منصوبے اور سعودی فرٹیلائزر کی پاکستان کو برآمدات پر بھی غور کیا گیا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ آپریشن ’’ضرب عضب‘‘ کی وجہ سے تقریباً 5 لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی۔ آئی ڈی پیز کو امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ دیرینہ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان میں مختلف منصوبوں پر سعودی عرب کا بے پناہ تعاون ان برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے، جبکہ سعودی وزیر خزانہ  ابراہیم بن عبدالعزیز نے پاکستان کے ساتھ مالی تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔ آزاد کشمیر میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں یونیورسٹیوں کے قیام سمیت ہسپتالوں، تعلیمی اداروں کی تعمیرِ نو اورزندگی کی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے سعودی عرب کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ اس موقع پر سعودی وزیر خزانہ نے پاکستان کے ساتھ مالی تعاون کو مزید وسعت دینے کیلئے مواقع تلاش کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور مشکل کی ہر گھڑی میں وہ اپنے برادر ملک کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔ اس موقع پر دونوں وزرائِ خزانہ نے زلزلہ متاثرین کی بحالی کیلئے ایک معاہدے پر بھی دستخط کئے جس کے تحت سعودی عرب پاکستان کو دس کروڑ سعودی ریال فراہم کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن