رمضان کی آمد پر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، ہائیکورٹ میں رٹ دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ میں رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے خلاف درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست گزار اظہر صدیق نے موقف اختیار کیا ہے کہ ملک میں ہر چیز وافر مقدار میں موجود ہے مگر ناجائز منافع خوری کی وجہ سے تمام اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمتیں بڑھائی جا رہی ہیں جبکہ حکومت صورتحال کو کنٹرول کرنے میں مکمل ناکام نظر آتی ہے۔ درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سیکرٹری انڈسٹریز کو حکم دیا جائے کہ اشیاء کی پیداوار سے لے کر پرچون کی سطح تک قیمتوں کو کنڑول کریں تاکہ رمضان المبارک میں عام آدمی کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔