• news

جماعت اسلامی کا 3 رکنی وفد طاہر القادری کی اے پی سی میں شریک ہو گا، ممتاز بھٹو کی معذرت

لاہور (خصوصی نامہ نگار+ خصوصی رپورٹر) جماعت اسلامی نے ڈاکٹر طاہر القادری کی زیر صدارت کل اتوار کو  اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کرلی۔ جماعت اسلامی پنجاب کے جنرل سیکرٹری نذیر جنجوعہ کی قیادت میں تین رکنی وفد نمائندگی کرے گا۔ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو فون کر کے اے پی سی میں یک نکاتی ایجنڈے ’’سانحہ ماڈل ٹائون‘‘ پر شرکت کی دعوت دی تھی۔ امیر جماعت کی ہدایت پر اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی جمشید دستی نے بھی اے پی سی میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ دوسری جانب چودھری شجاعت حسین نے سراج الحق کو فون کر کے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی جس پر امیر جماعت نے کہاکہ وہ شمالی وزیرستان کے مہاجرین کے کیمپوں میں قیام کے بندوبست اور ان کو ضروریات زندگی کی فراہمی میں مصروف ہیں، تاہم یکم جولائی کے بعد یہ ملاقات منصورہ لاہور میں ممکن ہو سکے گی جس سے چودھری شجاعت حسین نے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ وہ ملاقات کیلئے منصورہ آئیں گے۔ مسلم لیگ (ن) کے راہنما اور سابق وزیراعلی سندھ ممتاز علی بھٹو سے ڈاکٹر طاہرالقادری نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی‘ ممتاز علی بھٹو نے (ن) لیگ کا حصہ ہونے پر شرکت سے معذرت کرلی‘ ممتاز علی بھٹو نے طاہرالقادری سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کے ظلم و زیادتی کے نظام کی تبدیلی کی بات کررہے ہیں اس نظام کا ہم لوگ سندھ میں چھ سال سے نشانہ بنے ہوئے ہیں‘ پیپلزپارٹی کی انتقامی کارروائیوں اور ظلم زیادتی کو برداشت کررہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن