• news

سری لنکا نے پاکستانیوں کو پہنچنے پر ویزا دینے کی سہولت ختم کر دی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) سری لنکا نے پاکستانیوں کو پہنچنے پر ویزا دینے کی سہولت ختم کر دی ہے۔ اس سہولت کے تحت سری لنکا جانے کیلئے اسلام آباد میں سری لنکا کے ہائی کمشن سے ویزا حاصل کرنے کی ضرورت نہیں تھی۔ اب ویزا ہائی کمشن سے لے کر جانا پڑے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی استدعا پر سری لنکا نے یہ سہولت ختم کی کیونکہ  اسی سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے پچھتر سے زائد خاندانوں نے سری لنکا جا کر پناہ حاصل کرنے کی کوشش کی جنہیں اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے رجسٹرڈ بھی کر لیا ہے۔ ان خاندانوں کا معاملہ پراسراریت کی دھند میں لپٹا ہوا ہے کہ انہوں نے کیوں سری لنکا میں پناہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔ حکومت پاکستان بھی ان کے معاملہ پر لب کشائی کرنے پر تیار نہیں۔ دو روز قبل ترجمان دفتر خارجہ سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بے نیازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ سری لنکا اور عالمی ادارہ برائے مہاجرین اس معاملہ کو خفیہ رکھے ہوئے ہیں فوری طور پر اس ضمن میں کچھ نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن