• news

عمران کے عام انتخابات کے خواب دیکھنے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی: خورشید شاہ

سکھر(آئی این پی) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان  کے عام انتخابات  کا  خواب  دیکھنے پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی خواب تو ہمارے منظور وسان بہت  دیکھتے ہیں، ملک میں پہلی بار انرجی بحران نواز شریف  دور میں ہی آیا تھا، وزیراعظم  اپنے وعدوں کے مطابق 6ماہ میں توانائی بحران کا خاتمہ نہیں کرسکے‘  اب خود بتا دیں وعدہ خلافی پر انہیں کیا سزا دی جائے ‘ طاہر القادری سے ملاقات پارٹی مشاورت سے ہوگی۔  آئی بی اے میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت طلباء میں  لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب  اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ جمہوریت کے خلاف کسی سازش کا حصہ نہ بننے کا بیان دینے پر عمران خا ں کو شاباش دیتا ہوں۔ ہم کسی تحریک کا حصہ بنیں گے نہ جمہوریت کو ڈی ریل ہونے دیں گے۔  عمران کو متاثرین شمالی وزیرستان  کے پاس جانے کے لئے دعوت دینا وزیر اعظم کا دوہرا معیار ہے۔ وزیر اعظم بڑے سیانے ہیں، انہوں نے فارمیلٹی پوری کی ہم تو پہلے دن سے کہتے آرہے ہیں کہ میاں صاحب تمام سیاسی جماعتوںکو ساتھ لے کر چلیں مگر میاں صاحب اور ان کی ٹیم تمام فیصلے خود کرنا چاہتی ہے ۔ توانائی بحران میاں صاحب کی وجہ سے آیاانہوں نے تھرکول کا معاہدہ کیوں ختم کیا،  دیامربھاشا ڈیم، نیلم جہلم کو ہم نے شروع کیا، میاں صاحب کا کمال تو یہ ہے کہ انہوں نے کہا تھا چھ ماہ میں بجلی دوں گا، اس غلط بیانی پر کیا سزا دیں، عدالتوں اور عوام کے سامنے کہتے رہے کہ چھ ماہ میں بجلی دے دی جائے گی، میاں صاحب جیسے سیاستدانوں کو ایسی باتیں نہیں کرنی چاہئیں جس پر مجھے اپنا منہ کھولنا پڑے۔

ای پیپر-دی نیشن