• news

وزیراعظم کے غیر ملکی دوروں پر روزانہ 43 لاکھ خرچہ آتا ہے: عمران

لاہور (خصوصی رپورٹر) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی جمہوریت زرداری خاندان اور شریف خاندان پر مشتمل ہے۔ ان دونوں خاندانوں کے اقتدار میں آنے سے پہلے کتنے اثاثے تھے اور اقتدار میں آنے کے بعد کتنے محلات، جائیدادیں اور اثاثے بنے۔ انہیں دیکھ کر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجاتا ہے۔ پاکستان میں جب تک زراعت کی طرف خصوصی توجہ نہیں دی جاتی، ملک کے 86 فیصد چھوٹے کسان ہیں ان کی مدد نہیں کی جاتی، اس وقت تک پاکستان سے غربت کا خاتمہ نہیں کیا جاسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں براوو کراپ سائنسز (Bravo Crop Sciences) کی افتتاحی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھی خطاب کیا۔ صدارت اوریگا گروپ کے چیئرمین جمشید اقبال چیمہ نے کی۔ سٹیج پر تحریک انصاف لاہور کے قائم مقام صدر شعیب صدیقی، شیخ عامر، ایڈیٹر دی نیشن سلیم بخاری، ڈائریکٹر اوریگا گروپ اعظم چیمہ موجود تھے جبکہ شرکاء میں ملک بھر سے کسانوں اور زراعت سے وابستہ افراد کی بہت بڑی تعداد نے شرکت کی۔ عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے حکمران کا رہن سہن دیکھنے کے قابل ہے۔ پریذیڈنٹ ہائوس، پرائم منسٹر ہائوس کا روزانہ خرچہ 50 لاکھ روپے ہے، وزیراعظم غیر ملکی دوروں پر رہتے ہیں ان کے دورے پر ایک دن کا خرچہ 43 لاکھ روپے آتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم نواز شریف کے غیر ملکی دوروں کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ مائوزے تنگ اور امام خمینی نے ایک بھی بیرون ملک کا دورہ نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہاں حکمرانوں نے ساڑھے بائیس کروڑ روپے کی دو گاڑیاں خریدی ہیں۔ ہماری قوم غریب ہے لیکن لیڈر امیر ہیں۔ ہمارا ملک تعلیم پر سب سے کم خرچ کرتا ہے۔ میٹروبس کا منصوبہ اربوں روپے سے بنایا جاتا ہے اور پھر اس کی اشتہار بازی پر اربوں روپے خرچ کئے جاتے ہیں تاکہ بتایا جائے کہ ملک بہت ترقی کررہا ہے۔ حکومتی کارکردگی کی حالت یہ ہے کہ پولیس نے منہاج القرآن میں 83 افراد کو گولیاں ماریں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ زرعی ترقی ہی درحقیقت اصل ترقی ہے کیونکہ صنعتوں کا خام مال سارے کا سارا زعی شعبہ پر منحصر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سب کچھ صرف اسی صورت میں ممکن ہے اگر زرعی شعبہ جدید ترین بنیادوں پر استوار ہوگا۔ انہوں نے اوریگا گروپ کا حوالہ دیتے ہوئے خاص طور سے کہا کہ مجھے نہایت خوشی اور مسرت ہے کہ پاکستان میں ایسا زرعی گروپ موجود ہے جو ان اہداف کے حصول کے لئے دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ براوو کراپ سائنسز ان اہداف کے حصول کی سمت ایک اور خوش آئند قدم ہے۔ اوریگا گروپ کے چیئرمین جمشید اقبال چیمہ نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے کسان بھائیوں کے لئے وقت نکالا۔

ای پیپر-دی نیشن