لاہور کے عجائب گھر میں بدھ کا مجسمہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار‘ یہ ٹوٹ پھوٹ نئی نہیں ہے: ڈائریکٹر
لاہور (نیٹ نیوز + بی بی سی) ایک صدی سے زیادہ قدیم لاہور کے عجائب گھر میں گوتم بدھ کا ایک مجسمہ بھی ہے جس کا تعلق دوسری صدی قبل مسیح کے گندھارا دور سے بتایا جاتا ہے۔ یہ مجسمہ شکست و ریخت کا شکار ہے۔ میوزیم میں ایسا کوئی ریکارڈ ہے نہ ہی ایسا ریکارڈ رکھنے کا طریقہ ہے کہ جس سے نوادرات میں ہونے والی کسی تبدیلی کے بارے میں اندازہ لگایا جاسکے۔ بدھا کے مجسمے کو خصوصی اہمیت اس لئے حاصل ہے کہ یہ روحانی سکون پانے کے لئے ان کی اس تپسیا کی تصویر ہے جو چھ برس تک جاری رہی۔ اخبارات میں چھپنے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مجسمہ صفائی کے دوران گر گیا تھا۔ لاہور میوزیم کی ڈائریکٹر سمیرا صمد نے ان خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ٹوٹ پھوٹ نئی نہیں۔ یہ مجسمہ تو برس ہا برس سے ایسا ہی ہے۔ جب میری یہاں تعیناتی ہوئی یہ ایسا ہی تھا۔ ہم نے اسے ہاتھ لگایا نہ اٹھایا نہ ہی کسی نمائش پر باہر بھیجا۔ ہمارے بہت سے نوادرات کا کچھ نہ کچھ حصہ ضرور ٹوٹا پھوٹا ہوتا ہے۔ اکثر یا تو کھدائی کے دوران انہیں نقصان پہنچتا ہے یا پھر عجائب گھر میں پڑے پڑے۔