• news

مودی ٹکرائو کے حق میں نہیں‘ مسئلہ کشمیر پر پاکستان سے درپردہ مذاکرات جاری ہیں : بھارتی وزیر دفاع

سرینگر (آن لائن) بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے لائن آف کنٹرول پر تازہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے  تشدد سے  پاک ماحول ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی پاکستان کے ساتھ ٹکرائو کے حق میں نہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اپنے بیان میں  ارون جیٹلی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو پر امن طور پر حل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں  درپردہ طور پر  پاکستان کے ساتھ مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے۔  وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے ساتھ دوستی کا ارادہ پہلے روز سے ہی ظاہر کر دیا تھا۔ اس سلسلے میں سارک ممالک کے سربراہوں  کی حلف برداری تقریب میں شرکت کا فیصلہ اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔  وزیراعظم مودی نے اپنے پاکستانی ہم منصب پر واضح کر دیا تھا کہ بھارت کی خواہش کا احترام ہوتا کہ دونوں ممالک مفاہمت کے راستے پر گامزن ہوں ٹکرائو پر نہیں۔ لائن آف کنٹرول پر بار بار کشیدگی پر رد عمل ظاہر کرتے انہوں نے کہا کہ  ہم بھی صورتحال کو دیکھ رہے ہیں اور فوج کو بھی اس سلسلے میں جو ہدایت دی گئی ہے اس میں انہیں کہاگیا ہے کہ وہ جارحیت کا  بھر پور جواب دیں اور فوج بھی یہی کام کر رہی ہے۔ انکا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان مذاکرات ہوں گے تاہم ابھی تک وقت اور تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔
بھارتی وزیر دفاع

ای پیپر-دی نیشن