• news

پاک فوج سے اظہار یکجہتی‘ ایم کیو ایم کا 6 جولائی کو کراچی میں ریلی‘ جلسے کا اعلان

کراچی (اے پی اے+این این آئی) متحدہ قومی موومنٹ نے الطاف حسین کی ہدایت پر پاک فوج سے اظہار یکجہتی کیلئے 6 جولائی کو کراچی میں جلسہ اور ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن ڈاکٹر فاروق ستار نے عوام سے ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج تاریخ کی مشکل ترین جنگ میں دشمنوں کیخلاف صف آرا ہے لہذا محب وطن عوام اپنی افواج کے حوصلے بلند کرنے کیلئے ریلی میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔ انہوں نے کہا دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے افسران اور جوان بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش اور بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں اور اسکے باوجود مسلح افواج کے افسروں اور جوانوں کے حوصلے چٹانوں کی طرح مضبوط سے مضبوط تر ہوتے جا رہے ہیں اور دہشت گردی کے خلاف اس فیصلہ کن جنگ میں افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم کیو ایم 6 جولائی 2014 بروز اتوار شام 4 بجے افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لیے مزار قائد سے متصل جناح پارک میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد کریگی۔ اس دن پاکستانی عوام ایک قوم بن کر دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں نبرد آزما افواج پاکستان کو سلیوٹ پیش کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم افواج پاکستان کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ دہشت گردوں کیخلاف جنگ میں پوری قوم پاک افواج کے ساتھ ہے اور پاکستان کی بقاء وسلامتی کے لیے نہ صرف دعا گو ہے بلکہ افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے ارکان سید امین الحق اور احمد سلیم صدیقی کے ہمراہ‘ نے ہفتے کی شام خورشید بیگم سیکرٹریٹ عزیز آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ایم کیو ایم کے تحت پاک افواج کے ساتھ منعقد کیا جانیوالا اظہار یکجہتی کا اجتماع تاریخی اور پاکستان کی 66 سالہ تاریخ میں اتنا بڑا مظاہرہ ہو گا جو کسی نے دیکھا اور نہ کبھی سنا ہو گا۔ اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ملک اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے اور پاکستان کی سلامتی و بقاء کا مسئلہ ہے۔ پاکستان ہے تو مسائل کا حل بھی ہے اور اگر خدانخواستہ ملک ہی نہ رہا تو سیاست اور تمام مسائل دھرے کے دھرے رہ جائیں گے۔
ایم کیو ایم /ریلی

ای پیپر-دی نیشن