صدر ممنون نے عمرہ کی سعادت حاصل کر لی ملکی سلامتی و ترقی کیلئے خصوصی دعائیں
مکہ مکرمہ /جدہ(آن لائن)صدر ممنون حسین نے اتوار کو مکہ مکرمہ میں عمرہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل کی اس دوران انہوں نے ملکی سلامتی، استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے خصوصی دعائیں کیں۔ قبل ازیں صدر مملکت اہل خانہ اور وفد کے ہمراہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے سعودی عرب میں جدہ کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ائرپورٹ پر پہنچے تو نائب گورنر مکہ مکرمہ القاب بن سقرال لواحق ، قائم مقام پاکستانی سفیر خیام اکبر، قونصل جنرل آفتاب کھوکھر، قونصلر محمد جنید نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعدازاں صدر ممنون عمرہ کی ادائیگی کے لئے مکہ مکرمہ روانہ ہوگئے جہاں انہوں نے فجر کی نماز جماعت کے ساتھ اداکی اور پھر عمرہ کی سعادت حاصل کی۔ دورے کے دوران وہ مدینہ منورہ بھی جائیں گے جہاں وہ روضہ رسولؐ پر حاضری دیں گے۔وہ مسجد نبوی میں نوافل ادا کریں گے۔