راوی پل پر پکڑے ٹرک سے دھماکہ خیز مواد کی 40 بوریاں برآمد ہوئیں، مقدمہ درج
لاہور(سٹاف رپورٹر) نیو راوی پل پر ناکے کے دوران مجاہد سکواڈ نے شاہدرہ سے آنیوالے ایک مشکوک ڈالہ نمبر RIS-2384 کو رکنے کا اشارہ کیا جنہوں نے روکنے کی بجائے اسے بھگا لیا۔ پولیس نے مشکوک افراد کا پیچھا کر کے پل دریائے راوی کے درمیان میں جا کر روک لیا اور ڈالے کی تلاشی کے دوران بھرے 40 توڑے برآمد کرلئے اور ملزموں حضر ت خان اور ملک سعید خان کو گرفتار کر کے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ دونوں کا تعلق سوات سے ہے، مقدمہ درج کر لیا گیا۔ ملزمان نے اہلکاروں کو 10ہزار روپے رشوت دینے کی پیشکش کی تھی۔ ایس پی مجاہد سکواڈ سید عبدالرحیم شیرازی نے ملزموں کی گرفتاری پر پولیس پارٹی کو نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ مواد پنجاب میں تخریب کاری کیلئے استعمال ہو سکتا تھا۔