جماعت اسلامی نے خود کو پی ٹی آئی کے سونامی مارچ سے علیحدہ رکھنے کا فیصلہ کر لیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد کی جانب ’’سونامی مارچ‘‘ سے خود کو الگ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی جمہوری حکومت کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور جمہوری نظام کی بساط دینے کی کوشش کا حصہ نہیں۔ خیبر پی کے کی مخلوط حکومت کا مستقبل خطرے میں پڑنے کا امکان ہے۔ جماعت اسلامی کے حلقوں میں وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے اپنی حکومت کو لاحق خطرات پر کمزور مؤقف اختیار کرنے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے ایک رہنما نے کہا میاں نواز شریف کو ’’اگر مگر‘‘ کی گردان میں پڑنے کی بجائے زوردار مؤقف اختیار کرنا چاہیے۔