ٹیکس چوری، منی لانڈرنگ، ایف آئی اے نے طاہرالقادری کے خلاف تحقیقات کو تیز کر دیا
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کے خلاف ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے الزامات کی تحقیقات کو مزید تیز کر دیا۔ اس حوالے سے الیکشن کمشن اور ایف بی آر سے ریکارڈ حاصل کر لیا گیا۔ طاہر القادری اور منہاج القرآن کے اثاثوں کی کافی حد تک تفصیلات اکٹھی کر لی گئیں۔ ذرائع کے مطابق طاہر القادری اور منہاج القرآن کے اثاثوں کی تفصیلات ملنے کے بعد ایف آئی اے تمام ریکارڈ کا تجزیہ کرے گی اور ان کے اکائونٹس میں آنے والی رقوم کے ذرائع کو بھی چیک کیا جائے گا اور سوالنامہ بھجوایا جائیگا جس کے بعد جوابات کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔