• news

لاہور: بھائیوں کے ہاتھوں قتل ہونیوالی لڑکی سپردخاک، لڑکے کی نعش راوی سے نہ ملی

لاہور (سٹاف رپورٹر+ خبرنگار) لاہور کے علاقے شیراکوٹ میں پسند کی شادی کرنے کی خواہش مند لڑکی انعم اور لڑکے کاظم کو قتل کرکے نعشیں دریا میں پھینکنے والے لڑکی کے 2بھائیوں کیخلاف لڑکے کاظم کے بھائی کی رپورٹ پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا تاہم رات گئے چھاپے مارے جانے کے باوجود دونوں ملزم ہاتھ نہ آ سکے اور گھروں کو تالے لگاکر روپوش ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ لڑکی انعم کے بھائیوں قاسم اور ارشد نے کاظم کو دھوکے سے گھر بلوایا اپنی بہن اور کاظم کو قتل کرنے کے بعد نعشیں دریائے راوی میں پھینک دیں۔ انعم کی ہاتھ پائوں بندھی نعش گزشتہ روز برآمد کرلی گئی تھی جس پر تشدد کے بھی نشانات تھے۔ انعم کی نعش گزشتہ روز پوسٹ مارٹم کے بعد لواحقین کے حوالے کر دی گئی اور اُسے سپردخاک کر دیا گیا۔ ادھر ریسکیو اہلکاروں کو تلاش کے باوجود کاظم کی نعش نہ ملی ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے شیراکوٹ میں لڑکے لڑکی کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی اور ملزموں کو فی الفور گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر-دی نیشن