لاہور: چھتیں گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 4ہو گئی، حیدر آباد میں 3بچے دم توڑ گئے
لاہور+ فیروزوالا+ حیدر آباد (سٹاف رپورٹر+ نامہ نگار+ آئی این پی) باغبانپورہ ، دو موریہ پل اور فیکٹری ایریا کے علاقوں میں ہفتہ کی رات طوفان اور بارش سے گھروں کی چھتیں گرنے کے واقعات میں دادی پوتے سمیت جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 4ہو گئی جبکہ 4افراد شدید زخمی ہو گئے زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ حیدر آباد میں گھر کی چھت گرنے سے 3بچے دم توڑ گئے ہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ باغبانپورہ کے علاقہ سک نہر کے قریب گھر کی چھت گرنے سے 55سالہ آمنہ اور 12سالہ حسنات شدید زخمی ہو گئے جو ہسپتال لیجاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ 2افراد شدید زخمی ہو گئے۔ دو موریہ پل کے قریب رہائش پذیر محمد ارشد کے خستہ ہال مکان کی چھت نیچے گرگئی جس کے باعث محمد ارشد جاں بحق اور اسکی بیوی رخسانہ شدید زخمی ہوگئی۔ واقعہ کے بعد پورے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خاتون کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ فیکٹری ایریا کے علاقہ میں55سالہ اکرم کمرے میں سویا تھا کہ اچانک کمرے کی چھت گر گئی جس سے ملبہ گرنے پر اکرم اور اس کا بیٹا شدید زخمی ہو گیا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کرنے کے دوران اکرم دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں حیدر آباد کے علاقے لطیف آباد کی شاہ نجف کالونی میں مکان کی چھت زوردار دھماکہ سے زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر تین بچے 6سالہ شایان، 5سالہ احمد علی اور 7سالہ صمد شدید زخمی ہو گئے انہیں سول ہسپتال حیدر آباد پہنچایا گیا جہاں تینوں دم توڑگئے۔ علاوہ ازیں سندھ کے ضلع بدین میں طوفانی ہوائوں سے 30سے زائد مکانوں کی چھت گر گئیں۔ اے این این کے مطابق مون سون بارشوں کا باقاعدہ آغاز جولائی کے پہلے ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے، ملک میں غیر متوازن بارشوں کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال مون سون سیزن کے دوران ملک میں غیر متوازن بارشوں کا امکان ہے، مون سون بارشوں کا پہلا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں سے شروع جبکہ منگل سے جمعرات کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، بالائی خیبرپی کے اور کشمیر میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ نامہ نگار کے مطابق آندھی اور شدید بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کے تار ٹوٹ گئے جس کے باعث کئی گھنٹوں تک بجلی کی فراہمی معطل رہی۔